حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبرِ معظم شہید اسلام امام خامنہ ای نے امت مسلمہ کو مزاحمت، اسقامت، شجاعت کا ایسا سبق دیا ہے جو صدیوں بعد بھی یاد رکھا جائے گا، امام خامنہ ای شہید نے اپنا خون دے کر بکھری ہوئی امت کو وحدت کی لڑی میں پرو دیا، ان کی شہادت عالم اسلام اور مظلومین جہاں کا نقصان ہے۔ ان خیالات کا اظہار امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیر اہتمام متحدہ طلباء محاذ کے سربراہی اجلاس بعنوان ’’سٹوڈنٹس لیڈر کانفرنس‘‘ کے شریک طالب علم رہنماؤں نے کیا۔
اس موقع پر مرکزی صدر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان سید امین شیرازی نے کہا کہ رہبر معظم شہید امام خامنہ ای فقط اہل ایران یا اہل تشیع کے رہبر و شہید نہیں، بلکہ وہ اُمت مسلمہ کے رہبر و شہید ہیں، ان کی شہادت سے مطلومین جہاں چاہے ان کا تعلق فلسطین سے ہو یا غزہ سے، لبنان سے ہو یا عراق سے، شام سے ہو یا یمن سے، پاکستان سے ہو یا حجاز سے، ہر ایک دل کو زخمی کیا ہے، وہ بہ یک وقت ولی فقیہ بھی تھے اور مظلوم اہل غزہ کے سب سے بڑے پشتبان بھی، وہ اہل لبنان کی اُمید بھی تھے اور اہل عراق کے دلوں کی دھڑکن بھی، ان کا درد اہل پاکستان نے بھی ویسا ہی محسوس کیا جیسا اہل ایران نے کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہید رہبر معظم سید علی خامنہ ای نے آج کے فرعون و شیطان اکبر کے سامنے جھکنے سے انکار کیا اور اپنی جان کا نذرانہ پیش کر دیا، وہ چمکتے سورج کی طرح تاریخ کے ماتھے پہ اپنے خون کی سرخی سے ہمیشہ دمکتے رہیں گے۔
متحدہ طلباء محاذ کے صدر رانا عثمان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امام خامنہ ای کی شہادت اور ایران پہ مسلط کردہ امریکی و اسرائیلی جنگ سے دنیا پہ واضح ہو چکا ہے کہ حق کون ہے اور باطل کون ہے، حق کے طرفدار اور حامی آج میدان کربلا میں کھڑے ہیں جبکہ امریکہ و اسرائیل کی حمایت کرنے والے یزیدان عصرِ نو کے ساتھی ہیں۔
مرکزی ترجمان اسلامی جمعیت طلباء پاکستان آفتاب حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج اُمت مسلمہ کیلئے سنہری موقع ہے کہ وہ اتحاد و وحدت کیساتھ عالمی استعمار کے مقابل ایران کی قیادت میں جہاد میں شامل ہو کر قبلہ اول کی آزادی کی جدوجہد میں شامل ہو جائے۔
مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ فرحان عزیز نے کہا کہ ہم بطورِ طالبعلم ایران اور ان کے رہنماؤں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں، اہل ایران نے اسلام و مسلمین کا قرض ادا کیا ہے، جس پہ انہیں سرخ سلام ہے، امریکہ و اسرائیل جلد تباہ ہوں گے اور قبلہ اول اسرائیل کے نجس پنجوں سے آزاد ہوگا۔
سٹوڈنٹس لیڈر کانفرنس میں مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن (ن)، مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن (ق)، انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، اسلامی جمعیت طلباء، جمعیت طلبا اسلام (فضل الرحمٰن) کے رہنما شریک ہوئے جبکہ کانفرنس کی میزبانی امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان نے کی۔









آپ کا تبصرہ