حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکزی جامع مسجد سکردو بلتستان میں نمازِ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امام جمعہ و الجماعت علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے امریکہ اور ایران کے مابین جاری صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں اسلامی جمہوریہ ایران نے نہایت استحکام، بصیرت اور استقامت کا مظاہرہ کیا ہے، جس نے عالمِ اسلام میں حوصلہ، اعتماد اور بیداری کی نئی فضا پیدا کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم نے ماضی کے تلخ تجربات کی بنا پر امریکہ پر کبھی اعتماد نہیں کیا، کیونکہ مذاکرات کے دوران بھی امریکہ کی جانب سے حملوں، دباؤ اور جنگی اقدامات کی متعدد مثالیں موجود ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ایران نے ہمیشہ ہوشیاری، بصیرت اور قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے اپنے موقف کو مضبوطی سے پیش کیا ہے۔
علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے مزید کہا کہ یہ تمام کامیابیاں شہیدِ امت، رہبرِ معظم آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے خون کی تاثیر، ملتِ ایران کی استقامت اور نظامِ اسلامی کی مضبوطی کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی استعماری اور مداخلت پسند پالیسیوں نے ہمیشہ خطے کے امن کو نقصان پہنچایا ہے، لیکن ایران نے صبر، حکمت اور مزاحمت کے ذریعے اپنے اصولی موقف کو برقرار رکھا ہے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہیدِ امت کے درجات کو بلند فرمائے۔ انہوں نے ریاستی اداروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے سنگین واقعات کے باوجود ریاست نے قومی مفاد میں عام معافی کا اعلان کیا، جس کے نتیجے میں کئی افراد قومی دھارے میں شامل ہوئے۔
اسی تناظر میں انہوں نے بلتستان میں پیش آنے والے حالیہ واقعے کو ایک جذباتی اور حادثاتی سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی منظم یا منصوبہ بند کارروائی نہیں تھی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاستی ادارے اس واقعے میں ملوث افراد کے لیے عام معافی کا اعلان کریں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی دلجوئی اور نقصانات کے ازالے کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں، تاہم قیمتی انسانی جانوں کے مقابلے میں املاک کی حیثیت کم ہے۔
علامہ شیخ حسن جعفری نے مزید کہا کہ اگر عام معافی کا اعلان کیا جاتا ہے تو بلتستان میں امن و استحکام کو فروغ ملے گا اور عوام و مسلح افواج کے درمیان موجود خلیج ختم ہو جائے گی اور بلتستان گلستان بن جائے گا۔آخر میں انہوں نے برطرف کیے گئے پولیس اہلکاروں کی فوری بحالی اور اسلام آباد میں گرفتار بے گناہ جوانوں کی جلد از جلد رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔









آپ کا تبصرہ