اتوار 12 اپریل 2026 - 21:06
اسلام آباد مذاکرات ناکام؛ امریکہ کی شرائط مسترد، عالمی معیشت پر منفی اثرات

حوزہ/ اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والے اہم مذاکرات کسی نتیجے کے بغیر ختم ہوگئے۔ ایرانی ذرائع کے مطابق امریکہ کی غیر معمولی اور سخت شرائط معاہدے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بنیں، جس کے باعث فریقین کسی مشترکہ فریم ورک تک پہنچنے میں ناکام رہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والے اہم مذاکرات کسی نتیجے کے بغیر ختم ہوگئے۔ ایرانی ذرائع کے مطابق امریکہ کی غیر معمولی اور سخت شرائط معاہدے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بنیں، جس کے باعث فریقین کسی مشترکہ فریم ورک تک پہنچنے میں ناکام رہے۔

رپورٹس کے مطابق امریکی وفد نے ایران سے آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھولنے اور یورینیم کے ذخائر حوالے کرنے کا مطالبہ کیا، جسے ایرانی حکام نے سختی سے مسترد کردیا۔ مزید برآں امریکہ کی جانب سے آبنائے ہرمز کے مشترکہ انتظام کی تجویز بھی سامنے آئی، جس پر نہ صرف ایران نے اعتراض کیا بلکہ روسی نمائندے میخائل اولیانوف نے بھی اس مطالبے کو غیر منطقی قرار دیا۔

امریکی نائب صدر نے مذاکرات کی ناکامی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کئی گھنٹوں کی بات چیت کے باوجود کوئی معاہدہ طے نہیں پایا۔ ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے واضح ضمانتیں چاہتا ہے، تاہم ایران نے امریکی شرائط کو قبول نہیں کیا۔ دوسری جانب بعض مبصرین نے اس بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شکست خوردہ فریق مذاکرات کی میز پر شرائط عائد نہیں کرتا۔

اسی دوران امریکی صحافی میکس بلومنتال نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکی وفد درحقیقت مکمل یکطرفہ تسلیم چاہتا ہے اور مذاکرات کے بجائے دباؤ کی زبان استعمال کر رہا ہے۔

پاکستان، جو اس عمل میں ثالثی کا کردار ادا کر رہا تھا، اب بھی مذاکرات کے تسلسل کے لیے پرامید ہے۔ پاکستانی وزیر خارجہ نے زور دیا کہ دونوں ممالک جنگ بندی کی پابندی کریں تاکہ آئندہ مذاکرات کی راہ ہموار ہوسکے، اگرچہ ایران نے فی الحال نئے دور کے مذاکرات سے لاتعلقی ظاہر کی ہے۔

ادھر اس تعطل کے عالمی معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ عالمی ذرائع کے مطابق امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ کشیدگی نے یورپ میں اقتصادی دباؤ کو بڑھا دیا ہے۔ چین کی جانب سے اہم معدنیات کی برآمدات میں کمی کے باعث یورپی سپلائی چین متاثر ہوئی ہے، جبکہ گیس کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس سے برطانیہ اور اٹلی زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ جرمنی میں مہنگائی میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق عرب معیشتیں بھی تقریباً 7 فیصد تک سکڑ چکی ہیں۔

دوسری جانب بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ خلیجی ممالک نے یوکرینی فضائی دفاعی ماہرین کو نکال دیا ہے، کیونکہ ان کی کارکردگی پر شدید سوالات اٹھائے گئے ہیں، حتیٰ کہ بعض میزائل غلطی سے شہری عمارتوں کو بھی نشانہ بنا بیٹھے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha