حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ایران کے صدر نے کورونا کے دور میں ایران کو نقصان پہنچانے کے لئے دشمنوں کی کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے بہانے ایران کا اقتصادی نظام مفلوج کردینے کا دشمن کا خواب چکنا چور ہو گیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ہفتے کے روز ایران کے اینٹی کورونا نیشنل ہیڈکوارٹر کے ارکان کے اجلاس میں کورونا وائرس کے مقابلے میں ایران کے اقدامات کے خلاف اغیار کے زہریلے پروپیگنڈے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے مقابلے میں ایران کی جانب سے جو بھی قدم اٹھایا جاتا ہے اغیار کی جانب سے اس پر پروپیگندہ شروع ہوجاتا ہے-
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ کورونا وائرس کے دور میں بھی امریکہ نے ایران کے لئے دواؤں پر پابندی لگائے رکھی مگر اغیار کے ذرائع ابلاغ کی جانب سے کبھی اس مسئلے کو نہیں اٹھایا گیا کہ امریکہ ایسے وقت میں بھی جرم کا ارتکاب کر رہا ہے اور ایران کی حکومت اور قوم پر ظالمانہ دباؤ ہے جس کا وہ سامنا کر رہی ہیں۔
ایران کے صدر نے کورونا وائرس کو شکست دینے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ایران میں علم و دانش کے حصول کے ساتھ حفظان صحت کے ضوابط اور طبی اصولوں پر عمل کیا جا رہا ہے اور سخت ترین حالات میں بھی ایران میں تعلیمی سلسلہ بند نہیں کیا جائے گا۔