حوزہ نیوز ایجنسی کے خبر نگار سے گفتگو کرتے ہوئے حجت الاسلام جوانمرد نژاد نے کہا: عاشورا کی تعلیمات تمام انسانیت کے لیے ہیں اور محرم ہمیں عزت، روحانیت، ایثار و قربانی، شجاعت اور عرفان کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: دینی اصولوں کے مطابق زندگی، ایمان، انسانیت اور عزت و سر بلندی سے سرشار ہوتی ہے۔ اسلام اس زندگی کو حیات طیبہ کا نام دیتا ہے اور امام حسین علیہ السلام نے بہترین اور جاودانہ زندگی حاصل کرنے کے لئے شہادت کو قبول کیا اور یزید کی بیعت کرنے سے انکار کیا۔
ایران کے صوبہ مغربی آذربائیجان میں خواہران کے دینی مدرسہ کے استاد جناب حجت الاسلام جوانمرد نژاد نے کہا: امام حسین علیہ السلام کا راستہ خوشبختی، سعادت اور فتح و کامرانی کا رستہ ہے۔ اور عاشقان امام حسین علیہ السلام کو حق حاصل ہے کہ وہ امام حسین علیہ السلام کے ساتھیوں اور شہدائے کربلا پر رشک کریں اور حسرت کا احساس کریں کہ اے کاش ہم بھی شہدائے کربلا کے ساتھ ہوتے اور شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہوتے۔
انہوں نے کہا: عزت اور سربلندی کے ساتھ زندگی بسر کرنا ہر انسان کی آرزو ہے اور اسلام نے مسلمانوں کو نصیحت کی ہے کہ وہ ذلت کو ہرگز قبول نہ کریں اور عزت و سربلندی کے ساتھ زندگی بسر کریں۔
حجت الاسلام جوانمرد نے آخر میں کہا: عاشورا کے عزت و سربلندی اور آزادی کے در س سے الہام لیتے ہوئے رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے جاپان کے صدر سے ملاقات میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو امریکہ پر کوئی اعتماد نہیں ہے اور ہم امریکہ سے جوہری معاہدے کے تلخ تجربات کے بعد امریکہ سے ہرگز مذاکرات نہیں کریں گے کیونکہ کوئی آزاد اور عقلمند قوم دباؤ میں آکر مذاکرات قبول نہیں کرتی۔