۱ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۱ شوال ۱۴۴۵ | Apr 20, 2024
ریڈینس

حوزہ/رسول(ص) کے ارشادات کو انگریزی زبان میں نئے انداز میں پیش کیا جارہا ہے اس سے نئی نسل کو رہنمائی حاصل کرنے اور اخلاقی و نبوی تعلیمات کو اپنانے میں مدد ملے گی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مرکز جماعت اسلامی ہند کے کانفرنس ہال میں بورڈ آف اسلامک پبلکیشنزکے زیر اہتمام شائع ہونے والے انگریزی ہفتہ روزہ ریڈینس کی تازہ پیش کش (انگریزی میں565احادیث کامجموعہ) (A Guide To Moral Rectitude) کا اجراء امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی ،نائب امیر جماعت محمد جعفر،قیم جماعت ٹی عارف علی اور ایجوکیشن بورڈ کے سکریٹری نصرت علی کے بدست عمل میں آیا۔

بورڈ آف اسلامک پبلکیشنز کے سکریٹری ڈاکٹر وقار انورنے اپنے تعارفی کلمات میںفرمایا ''حدیث خود بھی سنو اور آگے لوگوں تک بھی پہنچاؤ''(جامع ترمذی رقم الحدیث:2657)صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین، تابعین و تبع تابعین عظام رحمہم اللہ تعالی اجمعین اور محدیثین نے ایک ایک حدیث کو جمع کرکے امت کےلیےایک بیش بہا و بیش قیمت ذخیرہ و خزانہ چھوڑ ا ہے، جو ان سب آئمہ محدثین رحمہم اللہ تعالی اجمعین کا امت پر ایک عظیم احسان ہے۔انہوں نے بورڈ کے ذریعہ کتابوں کی اشاعت کے پورے منصوبے کو پیش کیا۔

انہوں نے بورڈ کے (Logo) کے ساتھ ساتھ کتاب کے نمونے اور کاغذ اور طباعت کے معیار پر بھی روشنی ڈالی۔ ہندوستانی خبر رساں پورٹل قندیل کے مطابق، انہوں نے کہا کہ انگریزی ہفت روزہ ریڈینس میں جو چیزیں شائع ہوتی ہیں اسے کتابی شکل میں لانے کی کوشش کی گئی ہے۔احادیث کا یہ مجموعہ بھی اسی کا حصہ ہے۔ امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے کہا ، "انگریزی میں خاص طور پر بچوں کے لئے اسلامی ادب کی اشاعت کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا تحریک اسلامی کا بہت بڑا علمی ذخیرہ موجود ہے جسے انگریزی میں منتقل کیا جائے یہ ایمرجنسی ضرورت ہے ۔بچوں کے لئے انگریزی میں صالح لٹریچر اور ایسی کتابیں لانے کی ضرورت ہے۔نئی نسل کے لئے ای بک فارمٹ بھی تیار کی جائیں۔اسلامی تحریک کا یہ امتیاز ہے کہ بہت ہی اعلی معیار کی کتابیں شائع کی گئی ہیں جسے انگریزی میں منتقل کرنا وقت کی ضرورت ہے۔بورڈ آف اسلاک پبلکیشنزکے اس اقدام سے تحریک اسلامی کے دیگر اداروں کو راستہ ملے گا اور جدید ترین تقاضے کو پورا کرتے ہوئے نئی نسل کی رہنمائی کا ذریعہ ثابت ہوگا ۔انہوںنے اسلامی کتابوں کی ای مارکیٹنگ کی ضرورت پر بھی زور دیا اور امید ظاہر کی کہ بورڈ کے عہدیداران اس طرف توجہ دیں گے۔

انہوں نے پیشہ ورانہ انداز میں کتاب کی پیش کش کو سراہا۔ اختتامی کلمات ادا کرتے ہوئے ریڈینس کے ایڈیٹر سکندر اعظم نے فرمایا کہ '' رسول ﷺ کے ارشادات کو انگریزی زبان میں نئے انداز میں پیش کیا جارہا ہے ۔اس سے نئی نسل کو رہنمائی حاصل کرنے اور اخلاقی و نبوی تعلیمات کو اپنانے میں مدد ملے گی۔ انگریزی داں طبقے میں عظمت رسول ﷺ کا شعوربیدار ہوگا ۔آخر میں انہوں نے تمام ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا ۔اس موقع پر مولانا انعام اللہ فلاحی ،مولانا محی الدین غازی فلاحی،مولانا ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی ،فلاح الدین فلاحی ہفت روزہ دعوت،ریڈینس کے سابق ایڈیٹر اے یو آصف،مرکزی مکتبہ کے سابق منیجر محمد نیر ،مرکزی مکتبہ کے منیجر محمد ارشادحسین سمیت دیگر اداروں کے افراد موجود تھے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .