حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین خیبرپختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ وحید کاظمی نے پارا چنار کے علاقے پیواڑ میں شادی کی تقریب کے دوران گھر کی چھت گرنے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا خوشی کی تقریب کا اچانک ماتم میں بدل جانا ایک ایسا المناک واقعہ ہے جس کے لیے افسوس کا لفظ کم ہے۔
انہوں نے غمزدہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے حکومت سے متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت اور زخمیوں کے بہترین علاج معالجے کے لیے احکامات صادر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز مذکورہ واقعہ رونما ہوا جس میں 9 افراد کی ہلاکت اور متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات تھیں۔