۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
امام خمینی میموریل ٹرسٹ کرگل کے شعبہ خواتین کے جانب سے ہنر اور دستکاری کورس کا آغاز

حوزہ/ امام خمینی میموریل ٹرسٹ کرگل کے شعبہ خواتین زینبیہ ویمن ویلفئیر سوسائٹی نے خیاطی اور سوزن کاری کے دو کورسز متعارف کروائے ہیں۔ان کورسز کے دوران خواتین کو ہنر مند ماہرین کے ذریعے تربیت دلایا جا رہا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کرگل میں خواتین کو ہنر اور دستکاری کے مواقع فراہم کرنے کی غرض سے امام خمینی میموریل ٹرسٹ کرگل کے شعبہ خواتین زینبیہ ویمن ویلفئیر سوسائٹی نے خیاطی اور سوزن کاری کے دو کورسز متعارف کروائے ہیں۔ان کورسز کے دوران خواتین کو ہنر مند ماہرین کے ذریعے تربیت دلایا جا رہا ہے۔اس پروگرام کو مقامی زبان میں'' لقشیس'' کا نام دیا گیا ہے۔

اس پروگرام کے آغاز پر سوسائیٹی نے آئی کے ایم ٹی کرگل کے کانفرنس ہال میں ایک مختصر افتتاحی جلسے کا اہتمام کیا جس میں آئی کے ایم ٹی کے چیرمین, وائس چیئرمین, مجلس عاملہ کے ارکان, زینبیہ کے صدر خانم زہرا یوسفی, و دیگر شعبوں کے ممبران نے بھی شرکت کی۔

افتتاحی جلسے کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اس کے بعد مطہری ایجوکیشنل سوسائٹی کے چیئرمین ناصر الدین خفی نے "عصر حاضر میں خواتین کیلئے ہنر کی ضرورت'' پر روشنی ڈالی۔

جلسے کے تمام شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے چیئرمین جناب حجت الاسلام شیخ محمد صادق رجائی نے خواتین کو مختلف شعبوں میں مزید فعال ہونے پر تاکید کی۔ اُنہوں نے اس سلسلے میں  حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اور جناب زینب سلام اللہ علیہا کی سیرت کو اُسوہ قرار دیکر  آگے بڑھنے کی تلقین کی۔ اس موقع پر اُنہوں نے مقامی ڈیزائن اور دست کاروں کو دوبارہ بازیاب کر کے بازار میں لانے کے اقدامات کرنے پر زور دیا۔ اُنہوں نے ملبوسات اور غذائی اقسام کی پیداوار کو مقامی سطح پر بڑھاوا دینے کے لئے اقدامات اٹھانے پر بھی تاکید کی۔

جلسے کے بعد آقائے رجائی نے وائس چیئرمین بسیج روحانیون حجت الاسلام شیخ محمد حسین کے ہمراہ  دستکاری کے کلاس کا باقاعدہ افتتاح کیا اس پروگرام کو نئی دہلی میں زیر تعلیم کرگل طالبات کے تعاون سے چلایا گیا ہے اور ساتھ ہی یہ اُمید کی جارہی ہے کہ آئندہ اس پروگرام کے سلسے کو آگے بڑھاتے ہوئے مزید دستکاریوں کو بھی متعارف کرایا جائے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .

تبصرے

  • مرتضی IR 15:00 - 2020/12/08
    0 0
    خوب ماشاالله