حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی مرکزی سیکرٹری شعبہ امور خارجہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے ممتاز سعودی لیڈر و شیعہ عالم دین علامہ سید ھاشم الشخص کی گرفتاری پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ سعودی حکومت نے انتہائی نامناسب رویہ اپناتے ہوئے اصلاح پسند، مفکر اور نڈر علمائے دین کے خلاف جس طرح کاروائی کی ہے وہ ہر صورت قابل مذمت ہے۔ سعودی فورسز کا ایک عالم دین کے گھر کا گھیراؤکرنا ، چھاپہ مارنا اورچادر و چاردیواری کے تقدس کو پامال کرنا خود سعودی قوانین کی خلاف ورزی بھی ہے اور انسانیت و اہل وطن کی اھانت بھی۔
علامہ شفقت شیرازی نے اپنے بیان میں سید ھاشم کے گھر چھاپہ مارنے اور ان کی غیر قانونی گرفتاری کو حکوت سعودی عرب کی اپنے ہی شہریوں کے خلاف ریاستی دہشتگردی سے تعبیر کیا اور ان مظالم کو فوری طور پر بند کرنے کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کی تنظیموں و عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ ان گھناؤنے جرائم کے خلاف آواز بلند کریں۔
نیز قصبہ العوامیہ میں شہید الشیخ باقر النمر کے مقام خطابت مسجد امام حسین ؑ کو سعودی حکومت کی جانب سے گرانے پرعلامہ نے شیدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈے سعودی حکومت کے زوال کا باعث بن سکتے ہیں خدا کے گھر کی توہین عذاب الہی کو دعوت دینے سے کم نہیں۔