۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
آل پاکستان پلگرمز ایسوسی ایشن

حوزہ/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری سے آل پاکستان پلگرمز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں زیارات گروپ آرگنائزر اور زائرین کو درپیش مشکلات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری سے آل پاکستان پلگرمز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں زیارات گروپ آرگنائزر اور زائرین کو درپیش مشکلات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایسوسی ایشن کے معاون خصوصی علی حسین نقوی نے نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ وزارت مذہبی امور کے تحت زیارات کا عمل پیچیدہ اور عام آدمی کے لئے مشکلات کا باعث بنے گا، حکومت کو چاہیئے کہ وہ کسی پالیسی کے اجراء سے قبل قافلہ سالاروں کو اعتماد میں لے، پورے ملک میں موجود ٹریولز ایجینسیاں صوبائی محکمہ سیاحت کے ماتحت ہیں، وہ سیاحتی ادارے جو ایران، عراق اور شام کے لئے زائرین کو لے کر جاتے ہیں، صرف انہیں وزارت مذہبی امور MORA کے ماتحت کرنا دوہرا معیار اور امتیازی قدم ہے، اگر یہی پالیسی طے کرنی ہے تو پھر دنیا کے دیگر ممالک کے سفر پر لے کر جانے والے اداروں کو بھی مذکورہ وزارت کے تابع کیا جانا چاہیئے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر عام آدمی کا بیرونی ممالک کا سفر وزارت داخلہ کی منظوری سے مشروط نہیں تو پھر صرف زائرین کو اس کا پابند کیسے کیا جا سکتا ہے، ایسی کوئی شرط قابل قبول نہیں جس سے زائرین کے سفر میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ پیدا ہو۔ اجلاس میں اتفاق رائے سے طے کیا گیا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور حکومتی کمیٹی سے زیارت پالیسی کی حوالے سے پانچ رکنی کمیٹی ملاقات کرے گی اور انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جائے گا، زیارات کے سفر کو وزارت مذہبی امور کے ماتحت کرنے کی کسی صورت تائید نہیں کی جائے گی، زائرین کی تعداد کو محدود کرنے کی ہر کوشش اور کوٹہ نظام کی مخالفت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پلگرمز ایسوسی ایشن کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے لئے ملک بھر میں ممبر سازی کے عمل کو تیز کیا جائے گا، زیارت پالیسی کے حوالے سے ایک تفصیلی پریس کانفرنس کے انعقاد پر بھی اتفاق رائے ہوا۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ایسے کسی حکومتی اقدام پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جو کہ زائرین کی مشکلات میں اضافے کا سبب بنے۔ ملاقات کرنے والوں میں موسیٰ رضا، سلمان حیدر، جواد شاہ، عابد علی، عباس علی، سید طالب، علی رضوی، شاکر علی، عابد حسین، فیاض باقری، عدنان نادر، علی عباس، جعفر کربلائی، ضیاء عباس، ذوالفقار علی، مسعود حسین، جواد رضا، کاظم باوا شامل تھے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .