حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر حسن علی سجادی اور اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کے مرکزی صدر سید خادم حسین رضوی کی سربراہی میں وفد نے ہالا سٹی، ضلع مٹیاری اور میر پور خاص کا دورہ کیا،
اس موقع پر مولانا مولا بخش ہالائی، مولانا دوست علی سعیدی و دیگر علمائے کرام سے ملاقاتیں کیں۔ اس دوران ملی تربیت اور قرآن سے انسیت کو مزید بہتر کرنے، موجودہ صورتحال میں علمائے کرام اور ملی تنظیموں کے باہمی تعلقات کو مؤثر بنانے، مختلف تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی گئیں۔ میرپورخاص میں حوزہ واگھرجی میں مولانا محمد محسن مہدوی سے ملاقات کرکے اصغریہ تحریک اور اصغریہ اسٹوڈنٹس کی کارکردگی رپورٹس پیش کی گئیں، جبکہ سندھ کے بزرگ عالم دین مولانا غلام محمد نجفی کے مرقد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔
وفد میں تحریک کے مرکزی جنرل سیکریٹری قمر عباس غدیری، مرکزی سیکریٹری فروغ مکتب اہلبیت سید کاظم حسن کاظمی، اصغریہ اسٹوڈنٹس حیدرآباد کے صدر تنویر حسین دادوی، محمد عیدن بَلال، منتظر مہدی سجادی سمیت ڈویژن اور اضلاع کے ذمہ داران بھی شامل تھے۔