۵ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۵ شوال ۱۴۴۵ | Apr 24, 2024
سید جوہر عبّاس رضوی

حوزہ/آیت اللہ مصباح یزدی نے جب غرب کی جانب سے اسلام پر تہاجم کو دیکھا تو آپ نے استاد شہید مطہری رہ کے مانند ان تمام شبہات اور اعتراضات کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے دندان شکن جوابات دئے جس کا اعتراف مشتشرقین غرب کو بھی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حضرت آیۃ اللہ محمد تقی مصباح یزدی طاب ثراہ کے سانحہ ارتحال پر حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید جوہر عباس رضوی و اراکین المصطفی فاؤنڈیشن نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت پیش کی اور کہا کہ عالم نحریر ، فلسفی متبحر، معلم علوم قرآن ، محافظ عقائد تشیع، ناشر اسلام ناب محمدی ، حامی انقلاب اسلام اور مدافع ولایت فقیہ حضرت آیۃ اللہ محمد تقی مصباح یزدی کی خبر رحلت ہمارے لئے انتہائی باعث حز ن وغم قرار پائی ۔

آپ نے اپنی تمام عمر معارف اہلبیت علیہم السلام میں بسر کردی ،اور آپ تعلیمات تشیع و اسلام ناب کو عام کرنے میں زبانی اور تالیفاتی میدان میں  انتھک کوشش کرتے رہے ، آپ کا شمار امام خمینی رضوان اللہ علیہ کے خصوصی شاگردوں میں ہوتا ہے نیز آپ ہمیشہ انقلاب اسلامی کی حمایت اور دفاع ولایت فقیہ میں سرگرم رہے یہاں تک کہ آپ کو رہبر معظم کے لئے عمّار زمان تک کا مومنین نے خطاب دیا ۔

آپ کے تبحر علمی کا اندازہ آپ کی مختلف موضوعات میں انمول تالیفات سے لگایا جاسکتا ہے ،آپ  علوم قرآن ، اخلاقیات، فلسفہ اسلامی و غربی و تاریخ جیسے موضوعات میں بے مثال تالیفات کو ملت اسلام کے لئے چھوڑ گئے جو امت اسلام کا انتہائی قیمتی سرمایہ ہیں۔

جب آپ نے غرب کی جانب سے اسلام پر تہاجم کو دیکھا تو آپ نے استاد شہید مطہری  رہ کے مانند ان تمام شبہات اور اعتراضات کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے دندان شکن جوابات دئے جس کا اعتراف مشتشرقین غرب کو بھی ہے اور کچھ اس طرح آپ مطہری زمان قرار پائے،  آپ کی منجملہ تصنیفات و تالیفات صفحہ ہستی پہ نقش دوام رکھتی ہیں ۔

آپ شبستان تشیع کا ایک نور افشاں چراغ تھے جو خاموش ہوگیا :
اک چراغ اور بجھا اور بڑھی تاریکی
ہائے افسوس ایک اک کرکے ہمارے بزرگ اور گراں قدر علماء کا سایہ ہمارے سروں سے اٹھتا جارہاہے آپ کی رحلت نہ فقط تشیع کے لئے بلکہ تمام ملت اسلامیہ کے لئے ایک بڑا سانحہ ہے ۔

ہم اس موقع پر امام زمان عج اللہ فرجہ الشریف، رہبر معظم، آپ کے اہل خانوادہ اور تمام طلاب علوم دینیہ کی خدمت میں تسلیت و تعزیت پیش کرتے ہیں اور آپ فقیہ فقید کے لئے بارگاہ رب غفور میں رحمت و مغفرت اور تعالی درجات کے لئے دعا گو ہیں ۔

 

تبصرہ ارسال

You are replying to: .