حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نجف اشرف میں آیت اللہ سید علی سیستانی کے دفتر نے بغداد میں بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے احکام کو تاکید کی ہے کہ وہ امن و امان کی حفاظت کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کریں۔
آیت اللہ سید علی سیستانی کے دفتر کا بیانیہ اس طرح ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
انا للہ وانا الیہ راجعون
وحشی دہشت گردوں نے ایک بار پھر بغداد کے علاقے الطیران میں بم دھماکے کرکے دسیوں بے گناہ شہریوں کو ان کے خون میں نہلا دیا ہے۔ اس دہشتناک واقعہ سے ہر باضمیر انسان کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
ہم اس اندوہناک مصیبت پر شہداء کے خاندانوں کو تعزیت عرض کرتے ہوئے ان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور خداوند متعال کے حضور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں۔
سیکورٹی اداروں کو چاہئے کہ وہ ملک میں امن و امان کی حفاظت کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کریں تاکہ اس ملت مظلوم کے خلاف دشمن کی سازشوں کو ناکام بنایا جاسکے۔
ولا قوة الا بالله العلی العظیم.
۷ جمادی الثانی ۱۴۴۲ هجری قمری
دفتر آیت الله سیستانی – نجف اشرف