۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
زارا محمد

حوزہ/اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو سے تعلق رکھنے والی 29 سالہ زارا محمد انسانی حقوق کے قوانین میں ماسٹرز کی ڈگری رکھتی ہیں۔ انہوں نے اپنے حریف کو 64 فیصد ووٹوں سے شکست دی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،برطانیہ کی مسلم کونسل (ایم سی بی) نے زارا محمد کو اپنی تاریخ کی پہلی خاتون سیکریٹری جنرل منتخب کرلیا ہے۔

29 سالہ زارا کو ایم سی بی سے منسلک تمام تنظیموں سے انتخابات کے بعد منتخب کیا گیا ہے۔

وہ ہارون خان کی جگہ سیکریٹری جنرل بنی ہیں جن کی چار سالہ مدت ختم ہوگئی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق، زارا نے اپنے حریف سیاست دان اور امام اجمل مسرور کے خلاف 64 فیصد ووٹوں سے برتری حاصل کی۔

اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو سے تعلق رکھنے والی زارا محمد انسانی حقوق کے قوانین میں ماسٹرز کی ڈگری رکھتی ہیں اور اس سے قبل ایم سی بی کی اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل رہ چکی ہیں۔

muslim council of britain elects zara mohammed as its first female leader

زارا محمد نے کہا کہ ’میرا مقصد یہ ہے کہ ایک جامع، متنوع اور نمائندہ ادارہ قائم کرنے پر کام جاری رہے۔ ایک ایسا ادارہ جو عام مفاد اور برطانوی مسلمانوں کی ضروریات کے لیے کارگر ہو'۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’پہلی خاتون سیکریٹری جنرل کے طور پر منتخب ہونا ایک اعزاز کی بات ہے۔ میں امید کرتی ہوں کہ اس سے متاثر ہوکر مزید نوجوان اور خواتین قائدانہ کرداروں میں سامنے آئیں۔ وہ اس ادارے اور معاشرے کا مستقبل ہیں۔‘

زارا محمد نے کہا کہ ’خواتین کبھی کبھی قائدانہ کردار سے ہچکچاتی ہیں حالانکہ وہ اس کے لیے اہل ہوتی ہیں۔ یہ بہت ضروری ہے کہ ہم نوجوانوں کو اور خواتین کو اپنے ادارے کے کام میں اور زیادہ شامل کریں اور ادارے میں تنوع لائیں۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی مسلم کمیونٹی خواتین اور نوجوان ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب کورونا وائرس کی وبا نسلی اقلیتوں پر زیادہ اثر انداز ہوئی ہے اور جب برطانیہ میں ’بہت زیادہ اسلامو فوبیا ہے'۔

muslim council of britain elects zara mohammed as its first female leader

ان کا کہنا تھا کہ اس سب سے نمٹنے کے لیے ایم سی بی نے رہنمائی کا کردار ادا کیا ہے، مگر ابھی مزید کرنے کی ضرورت ہے۔

نئی سیکریٹری جنرل کا خیر مقدم کرتے ہوئے ہارون نے کہا کہ ’اکثریتی ووٹ سے زارا کا منتخب ہونا اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ ہمارے اراکین کو ان پر بھروسہ ہے کہ وہ ادارے کی رہنمائی کر سکتی ہیں‘۔

برطانیہ کے اہم مسلم سیاست دان اور لندن کے پہلے مسلم میئر صادق خان نے کہا کہ ’میں زارا محمد کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ وہ اس تنظیم کو ملک بھر میں ہماری برادریوں کی بہتری اور انہیں مزید بلندیوں تک لے جانے کے لیے کام جاری رکھیں گی'۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .