حوزہ نیوز ایجنسی نے mylondon نیوز کے حوالے سے خبر شائع کی ہے کہ لندن کی سب سے بڑی مسجد کو دو ماہ بند رہنے کے بعد نمازیوں کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ یہ مسجد کرونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے مسجد انتظامیہ نے خود بند کی تھی حالانکہ حکومت کی جانب سے حفاظتی تدابیر کے ساتھ مسجد کے کھلے رہنے کی اجازت تھی۔
مشرقی لندن میں واقع یہ مسجد اور مسلمانوں کا دینی مرکز کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے جدید پابندیوں کے ساتھ اب نمازیوں کے لئے کھول دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ لندن کے علاقے وائٹ چیپل میں واقع اس مسجد کو چھ جنوری 2020ء کو مسجد انتظامیہ نے کرونا وائرس سے بچاؤ کی خاطر بند کر دیا تھا جبکہ حکومت کی جانب سے اس کے کھلے رہنے کی اجازت تھی۔ مسجد میں نماز کے لیے آنے والے افراد کو کہا گیا ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر کی رعایت کرتے ہوئے فیس ماسک پہن کر مسجد میں آئیں، وضو گھر سے کرکے آئے اور اپنے جائے نماز بھی اپنے ساتھ لے کر آئیں۔
فی الحال 12 سال سے کم عمر کے افراد، تنفس کی بیماری میں مبتلا (دمہ کے مریض) افراد اور کرونا کی علامات رکھنے والے افراد سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ نماز جماعت میں شرکت کے لیے مسجد نہ آئیں۔
مسجد انتظامیہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نماز جماعت سے پندرہ منٹ پہلے اس مسجد کو کھولا جائے گا اور نماز کے ختم ہونے کے فورا بعد مسجد کو بند کر دیا جائے گا۔
اس مسجد کے سرپرست اور امام جماعت شیخ عبدالقیوم کہ جو خود بھی کرونا میں مبتلا ہونے کے بعد اب رو بصحت ہو رہے ہیں، نے سب سے درخواست کی ہے کہ وہ کرونا ویکسین لگوائیں۔
انہوں نے مزید کہا: میں نے خود بھی ڈاکٹروں کی ہدایت پر عمل کیا ہے اور جب ہمیں ویکسین لگوانے کا کہا جا رہا ہے تو ہمیں اس سے استفادہ کرنا چاہیئے۔
شیخ عبدالقیوم نے کہا: ہم اس دنیا سے رخصت ہونے والے اپنے عزیزوں کے لیے دعا کرتے ہیں اور کرونا وائرس میں مبتلا افراد کے علاج معالجہ کے لئے کوششیں کرنے والوں کی قدردانی کرتے ہیں۔