۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
ڈاکٹر حنیف لکڑا والا

حوزہ/ اگر خاندان اسلامی اصول اور اقدار کا ترجمان ہوگا تو یہ امر یقینی طور پر جنّت کی حصولی کا باعث بنے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جماعت اسلامی ہند حلقہ خواتین ملک گیر سطح پر دس روزہ مہم بعنوان “مضبوط خاندان مضبوط سماج” منا رہی ہے۔اس ضمن میں ملک بھر میں مرکزی،صوبائی،ضلعی اور مقامی سطح پر سرگرمیاں انجام دی جا رہی ہیں۔ ممبئی شہر کے بھی بیشتر علاقوں میں الگ الگ نوعیت کی سرگرمیاں انجام دی جا رہی ہیں جس کے ذریعے سماج کے سامنے یہ پیغام پہونچایا جا رہا ہے کہ خاندان کی بنیاد مضبوط ہوگی،اسلامی اقدار کے عین مطابق ہوگی تو ہی ممکن ہے کہ ایک مضبوط اور پائیدار سماج عمل میں آئے ۔

ممبئی کے علاقے ساکی ناکہ اور مدن پورہ میں بتاریخ 21 فروری اسی نوعیت کی سرگرمیاں انجام دی گئیں۔ساکی ناکہ میں پری میرج کونسلنگ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ورکشاپ کے ذریعے نیا گھر،خاندان شروع کرنے جا رہے نئے جوڑوں کو رشتوں کے اہمیت ، ضرورت اور اُس کی بہتری کے لیے اپنی جانب سے کیے جانے والے اُمور کے متعلق رہنمائی کی گئی۔ اس ورکشاپ میں جناب پروفیسر جاوید ،عبد الحسیب بھا ٹکر صاحب نے شرکا کی رہنمائی کی۔اس مہم کے ضمن میں والدین کی رہنمائی کے لیے جماعت اسلامی شعبہء خواتین کی جانب سے ایک بہت ھی کامیاب ورکشاپ رکھا گیا، جس میں ڈھائی سو سے زائد مردوخواتین شریک ہوئے۔

تلاوت وترجمہ، کے بعد پروفیسر جاوید علی (کالَسیکر کالج)، کرلا کے مشہور ماہر نفسیات ڈاکٹر ساجد صاحب، کرلا جماعت کی مقامی ناظمہ ڈاکٹر فریدہ اور جماعت اسلامی ممبئی کے ناظم جناب عبدالحسیب بھاٹکر نے شرکائے ورکشاپ کو اپنی پر مغز رہنمائی سے مستفید کیا۔ ساکی ناکہ مقامی ناظمہ کی دختر شفا مطیع الرحمن کی تلاوت اور نظم خوانی نے ورکشاپ میں سماں باندھ دیا۔ ورکشاپ میں شریک مرد و خواتین نے پورے جوش و خروش سے توجہ دی اور مستقبل میں عملی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کی ذاتی طور پر بیداری پر خاص توجہ دینے کی یقین دہانی کروائی۔

دوسرا ورکشاپ محمد علی روڈ اور مدن پورہ یونٹ نے بمقام عمرٹرسٹ حال میں منعقد کیا جس کا موضوع “میرا خاندان – میری جنّت” تھا۔ تلاوتِ قرآن سے ورکشاپ کا آغاز ہوا۔پھر فرحت زید صاحبہ نے مہم کا تعارف پیش کیا اور ساتھ ہی نظامت کے فرائض بھی انجام دیے۔ ڈاکٹر تحسین قاسم رسول نے “موبائل گیمز، نشے کی لت اور موت کی راہ” اس موضوع کے تحت اظہارِ خیال کیا۔جسمیں سماج اور کم عمر بچوں پر پڑ رہے ہلاکت خیز مسائل کو اپنی گفتگو کا حصہ بنایا۔محترمہ یاسمین وسیم نے “اولاد کی پرورش : قرآن و سنت اور جدید تحقیقات کی روشنی میں” پر شرکا کی رہنمائی کی۔ پھر محترم حنیف لکڑاوالا نے “ازدواجی زندگی: سیرتِ رسول اکرم کے آئینے میں” خطاب کیا۔جس میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے اُن اہم واقعات کا تذکرہ کیا جو وہ اپنی ازدواجی زندگی میں انجام دیا کرتے تھے۔خصوصی طور پر زوجین کے ساتھ مل جل کر کام کرنا، گھریلو تربیت اور عفو و درگزر کے معاملات پر روشنی ڈالی۔ اختتام پر سوال جواب کا سیشن ہوا جس کے تشفی بخش جوابات دیے گئے۔ جماعت اسلامی ہند حلقہ خواتین ممبئی شہر کی سیکریٹری محترمہ ممتاز نذیر صاحبہ نے”میرا خاندان: میری جنّت” موضوع پر اپنی بات رکھی۔

انہوں نے اس بات کی وضاحت کی کہ اگر خاندان اسلامی اصول اور اقدار کا ترجمان ہوگا تو یہ امر یقینی طور پر جنّت کی حصولی کا باعث بنے گا۔ شرکا نے پورے ورکشاپ کو دلجمعی سے سماعت کیا ۔ مدن پورہ اور محمد علی روڈ کے اس ورکشاپ میں 75 لوگوں نے شرکت کی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .