حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سربراہ حوزہ علمیہ قم آیت اللہ علی رضا اعرافی کے انجمن علماء المسلمین لبنان کے سربراہ شیخ احمد الزین کی رحلت پر تعزیتی پیغام کا متن اس طرح ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
انا لله و انا الیه راجعون
عالم فاضل جناب شیخ احمد الزین رحمتہ اللہ علیہ کی رحلت کی خبر سن کر بہت افسوس ہوا۔
انہوں نے اپنی بابرکت عمر مسلمین کے درمیان وحدت کیے فروغ کے لئے وقف کر رکھی تھی اور اس راستے میں کبھی کسی قسم کی خدمت سے دریغ نہیں کیا تھا۔
وہ بہت دور اندیش تھے اور دنیائے اسلام کے حالات سے مکمل آگاہی رکھتے تھے۔ وہ الازہر جیسی عظیم یونیورسٹی سے فارغ التحصیل تھے اور ان کی معتدل شخصیت نے سب کو ان کا گرویدہ بنا دیا تھا۔
شیخ احمد الزین کی ایک اور خصوصیت ان کی سادہ زیستی تھی۔
شیعہ اور اہل سنت علماء کا ان پر اعتماد اس قدر زیادہ تھا کہ وہ سالہا سال انجمن علماء المسلمین لبنان کے سربراہ رہے اور سب ان کی سربراہی پر راضی تھے۔
حوزہ علمیہ قم ان کی رحلت پر دنیائے اسلام کے علماء بالخصوص علمائے لبنان، انجمن علماء المسلمین لبنان، مرحوم کے اہل خانہ اور دوستوں کو تعزیت عرض کرتا ہے اور خدا کے حضور ان پر رحمتوں کے نزول اور مغفرت کا طالب اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل اور اجر جزیل کا آرزو مند ہے۔
سربراہ حوزه علمیه
علی رضا اعرافی
۲ مارچ ۲۰۲۱ء