۳۰ فروردین ۱۴۰۳ |۹ شوال ۱۴۴۵ | Apr 18, 2024
مکارم شیرازی

حوزہ/ آیت اللہ العظمی مکارم شیرازی نے خواہران کے دینی مدارس سے متعلق ۴۲ پروجیکٹس کے سنگ بنیاد کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا: اسلام کو سرحدوں میں محدود نہیں کیا جاسکتا ہے اور روزبروز اسلام کی جانب توجہ میں اضافہ ہو رہا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حضرت آیت اللہ العظمیٰ مکارم شیرازی نے خواہران کے دینی مدارس سے متعلق ۴۲ پروجیکٹس کے سنگ بنیاد کے موقع پر ایک پیغام ارسال کیا ہے۔ جس کا متن اس طرح ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

ہم پر خدا کی عظیم نعمتوں میں سے ایک نعمت انقلاب اسلامی ہے کہ اس نعمت کے سائے میں اور بہت ساری نعمتیں ہمیں نصیب ہوئی ہیں اور ان نعمتوں میں سے ایک خواتین اور خواہران کا دینی تعلیم حاصل کرنا ہے۔

انقلاب اسلامی کی کامیابی سے پہلے خواہران کے دینی مدارس نہیں تھے اور صرف نوجوانوں، جوانوں اور مردوں کے مدارس تھے لیکن انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے فرمان پر پہلی بار اگرچہ بہت محدود تعداد میں خواہران کا دینی مدرسہ معرض وجود میں آیا۔ اور قرآن مجید کی اس آیت مجیدہ «کَشَجَرَةٍ طَیِّبَةٍ أَصْلُها ثابِتٌ وَ فَرْعُها فِی السَّماءِ، تُؤْتِی أُکُلَها کُلَّ حِینٍ بِإِذْنِ رَبِّها» کی روشنی میں اس کی سنگ بنیاد رکھی گئی۔ اس کی بنیاد مضبوط تھی جس کی شاخیں آسمان کی جانب پھیل گئیں اور اس کے پھل ہمیشہ رہنے والے ہیں۔

قابل توجہ بات یہ ہے کہ ایسے درخت جو پورا سال پھلی دیں، بہت کم ہیں لیکن یہ درخت پورا سال پھل پھولتا ہے۔ الحمدللہ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے ایک اشارے پر اس نیک کام کی بنیاد رکھی گئی اور ان شاء اللہ اس کی برکتیں زیادہ ہوں گی۔

آیت اللہ العظمیٰ مکارم شیرازی نے کہا: ہمیں معلوم ہے کہ دین مرد حضرات سے مختص نہیں ہے بلکہ دین مردوں اور عورتوں دونوں سے متعلق ہے۔ قرآن کریم کی متعدد آیات میں اسلامی معاشرہ میں خواتین کی اہمیت بیان کی گئی ہے۔ جب ہم اسلام کی ترقی اور پیشرفت اور دشمنان اسلام سے مقابلے میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اور حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کے کردار کو دیکھتے ہیں تو پتہ چلتا ہے کہ اسلام میں خواتین کو بہت زیادہ اہمیت دی گئی ہے۔

آیت اللہ العظمیٰ مکارم شیرازی نے اپنے پیغام میں ذکر کیا: انقلاب اسلامی کی کامیابی سے پہلے خواتین کے دینی سرگرمیاں بہت محدود تھیں لیکن انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد خواتین کی دینی سرگرمیوں میں روز بروز شدت آتی گئی اور اب ہم خواتین کے دینی مدارس سے متعلق ۴۲  پروجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھنے جا رہے ہیں۔

الحمداللہ مخیر حضرات اس کام میں مدد کر رہے ہیں اور اس کام سے بہتر اور کام کیا ہو سکتا ہے کہ جس کے لیے سرمایہ کاری کی جائے۔

خداوندعالم ان دوستوں کی توفیقات میں اضافہ فرمائے اور جو مخیر حضرات ان پروجیکٹس میں تعاون کر رہے ہیں خداوند عالم ان کے رزق میں برکت عطا فرمائے اور تمام افراد جو بلا واسطہ یا بالواسطہ اس کارخیرمیں زحمتیں برداشت کر رہے ہیں خداوند متعال ان کی حفاظت فرمائے۔

والسلام علیکم و رحمه الله و برکاته

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .