۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
آب زم زم کے کنوئیں میں‌ اترنے والی پہلی شخصیت کا انتقال

حوزہ/ آب زم زم کنوئیں میں صفائی کے دوران اترنے والے پہلے سعودی شہری ڈاکٹر یحییٰ کوشاک 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آب زم زم کنوئیں میں صفائی کے دوران اترنے والے پہلے سعودی شہری ڈاکٹر یحییٰ کوشاک 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر یحییٰ کوشاک سنہ 1979 میں صفائی منصوبے کے دوران آب زم زم کے کنوئیں میں اترنے والے پہلی شخصیت تھے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر یحییٰ کوشاک پیر کے روز 80 سال کی عمر میں انتقال کر گئے، وہ بڑھاپے کی وجہ سے علیل تھے۔ ڈاکٹر یحییٰ کوشاک سعودی عرب میں ڈاٹر اینڈ سیوریج اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر بھی تھے۔

واضح رہے کہ خادم الحرمین شریفین نے 1979 میں پہلی بار آب زم زم کے کنوئیں کی بڑے پیمانے پر صفائی کا منصوبہ شروع کیا تھا، جس کا مقصد پانی کے بھاؤ کو تیز اور بہتر بنانا تھا۔ صفائی منصوبے کے دوران آب زم زم کے راستے میں آنے والی اشیا کو ہٹایا گیا تھا۔

اس آپریشن کی نگرانی ڈاکٹر یحییٰ کوشاک نے کی اور وہ پہلی شخصیت تھے جنہوں نے کنوئیں کے اندر جاکر صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد حکمت عملی مرتب کی اور پھر کامیاب آپریشن کیا تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق صفائی منصوبہ اس قدر کامیاب رہا تھا کہ اس کے اختتام کے بعد بھاؤ میں تیزی بھی آگئی تھی۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .