۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
مولانا سید صفی حیدر زیدی

حوزہ/ سکریٹری تنظیم المکاتب لکھنؤ نے کہا کہ قرآن مجید مسلم الثبوت کتاب کے بارے میں تحریف کی باتیں کرنا اپنی جہالت کا ثبوت دینا ہے، قرآنی آیات کے حذف کرنے کا مطالبہ ذرہ برابر بھی قرآن فہمی نہ ہونے کی دلیل ہے اور ایسی حرکتیں اعمال کے ساتھ ساتھ اسلام کے بنیادی عقائد سے خالی اور عاری ہونے کا نتیجہ ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قرآن مقدس کی توہین پر سکریٹری تنظیم المکاتب لکھنؤ حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید صفی حیدر زیدی نے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ الٰہی کتاب قرآن کریم کی مخالفت، عالمی استعمار کی انسانیت دشمن اور اسلام مخالف سازشوں کا نتیجہ ہے۔

بیانیہ کا مکمل متن اس طرح ہے: 

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الٰہی کتاب قرآن کریم بشریت کا مکمل ضابطۂ حیات ہے۔اس کی ایک ایک آیت بلکہ کلمات کا من جانب اللہ ہونا مسلم الثبوت ہے۔جس پر عقلی،روائی،اجماعی دلائل کے ساتھ ساتھ خود قرآنی چیلینج کا اب تک جواب نہ آنا ہمارے مدعا پر برہان کامل ہے۔

اب ایسی مسلم الثبوت کتاب کے بارے میں تحریف کی باتیں کرنا اپنی جہالت کا ثبوت دینا ہے، قرآنی آیات کے حذف کرنے کا مطالبہ ذرہ برابر بھی قرآن فہمی نہ ہونے کی دلیل ہے اور ایسی حرکتیں اعمال کے ساتھ ساتھ اسلام کے بنیادی عقائد سے خالی اور عاری ہونے کا نتیجہ ہیں۔

صدر اسلام سے اب تک امت مسلمہ قرآن کے عدم تحریف کی معتقد ہے ۔جہاں تک فریقین کی کتابوں میں تحریف کی روایتوں کی باتیں ہیں تو ہم نہ اپنی کتب کی ایسی روایات کو صحیح مانتے ہیں اور نہ برادران اہلسنت کی کتابوں میں موجود ایسی روایات کو صحیح مانتے ہیں۔ قرآن کریم سے آیات حذف کرنے کی دلیل ادوار خلافت میں جمع قرآن کی داستان قرار دیتے ہیں۔ جب کہ قرآن کریم حیات پیغمبر میں کتابی شکل میں موجود تھا، "انی تارک فیکم الثقلین کتاب اللہ و عترتی۔۔۔۔۔۔۔۔" میں لفظ کتاب گواہ ہے کہ حضور کتابی شکل میں قرآن کریم کو مسلمانوں کے درمیان چھوڑ کر گئے ہیں اور یہی عالم اسلام کا متفق علیہ نظریہ ہے۔ 

ہم مخالف قرآن مطالبہ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔کیوں کہ یہ عالمی استعمار کی انسانیت دشمن اور اسلام مخالف سازشوں کا نتیجہ ہے۔

والسلام

مولانا سید صفی حیدر زیدی

سکریٹری تنظیم المکاتب لکھنؤ

تبصرہ ارسال

You are replying to: .