حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آج مورخہ 22 مارچ 2021 مصلی مھدیہ کوثر سانکو میں دفاع قرآن کریم کے عنوان سے ضلعی سطح کے ایک عظیم الشان سمینار کا انعقاد کیاگیا ۔جس میں ہزاروں کی تعداد میں پیروان قرآن کریم نے مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ شرکت کی۔
سمینار کا آغاز صبح ساڑھے گیارہ بجے حدیث شریف کساء کی تلاوت کے ساتھ ہوا۔ اس کے بعد نون پبلک ہائی اسکول سانکو کے طلباء نے قرآن کی آیت کی گروہی تلاوت پیش کی ۔بعد از آں سمینار کے عنوان پر مقررین کے تقاریر کا سلسہ شروع ہوا۔ جن علماء کرام نے سمینار سے خطاب کیا ان میں حجت الاسلام و المسلمین جناب شیخ صادق رجائی چئیرمین امام خمینی میموریل ٹرسٹ کرگل، جناب حجت الاسلام و المسلمین شیخ جواد حبیب مسئول دفتر نمائندہ رہبر دہلی نو، حجت الاسلام و المسلمین جناب شیخ حسن شریفی، جناب سید عین الھدیٰ حسینی او چئیرمین انجمن صاحب الزمان عج حجت الاسلام و المسلمین جناب شیخ صادق بلاغی کے نام قابل ذکر ہیں۔جبکہ غلام عباس جنرل سکریٹری نظامت کے فرائض انجام دے رہے تھے۔
مقررین کرام نے قرآن کریم کو کسی بھی قسم کی تحریف کی گنجائش سے خالی قرار دیتے ہوئے اس طرح کے بیانات دینے والے اشخاص کو دشمن کا آلہ کار قرادیا اور اس گستاخانہ بیان کے مرتکب شخص کی سخت لفظوں میں مذمت کی۔ساتھ ہی اس واقعے کے اتنے دن گزرجانے کے بعد بھی حکومت کی طرف سے مذکورہ شخص کو گرفتار نہ کیۓ جانے اور اسے اپنے شیطانی بیانات کو جاری رکھنے کی کھلی چھوٹ دئے رکھنے پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر اس شخص کو قانون کی گرفت میں لے کر سزا دئے جانے کے مطالبے کو دہرایا۔
سید عین الھدیٰ حسینی نے جہاں اس گستاخانہ عمل کی جرات کو پس پردہ اسلام دشمن طاقتوں کی حمایت کا ذکر کیا وہیں مسلمانوں کی آپسی اختلافات کو بھی اس کا سبب قرار دیا ۔
جناب شیخ جواد حبیب نے اپنی تقریر میں کہا کہ مسلمان وہ واحد قوم ہے کہ جن کے پاس نبی کریم جیسا ہادی انسانیت اور قرآن کریم جیسی عظیم ضابط حیات کی کتاب ہے جو کسی اور قوم کے پاس نہیں۔ مزید کہا کہ اسلام میں اھل تشیع وہ خوش قسمت قوم ہے کہ جن کے پاس قرآن و اہل بیت کے ساتھ ولایت فقیہ جیسا خوبصورت نظام بھی موجود ہے۔
انہوں نے ادارہ انجمن صاحب الزمان عج کو اس طرح کے عظیم الشان سمینار کا انعقاد کرنے اور تمام طبقوں کے فکر کو اس مناسبت پر دعوت دئیے جانے کے عمل کو سراہتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔
جناب شیخ صادق رجائی چئیرمین آئی کے ایم ٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملعون وسیم رضوی کی اس گستاخانہ حرکت کی جہاں ایک منفی پہلو ہے یعنی اس واقعے کی جتنی اور جس انداز میں مذمت کی جائے کم ہے وہیں اس کی ایک مثبت پہلو بھی ہے انہوں نے کہا کہ اس واقعے نے ہمارے نوجوانوں کو قرآن کے بارے میں اپنی آگہی کو مزید بڑھانے اور ریسرچ کرنے پر آمادہ کیا ہے۔
آخر میں میں شیخ صادق بلاغی چئیرمین انجمن صاحب الزمان عج نے اپنے خطاب میں وسیم رضوی کو فوری طور اور کڑی سے کڑی سزا دئے جانے کا مطالبہ کیا۔ اور سمینار میں تمام شرکاء مؤمنین و مؤمنات اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور دعائیہ کلمات کے ساتھ سیمینار کا اختتام پذیر ہوا۔