حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،المنتظر ریلیف فاونڈیشن کی جانب سے مستحق افراد میں رمضان المبارک کی مناسبت سے راشن کی تقسیم کا اہتمام کیاگیا جس میں المنتظر ریلیف فاونڈیشن کی جانب سے مستحق افراد میں راشن بیگ تقسیم کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق،حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر لاہور میں تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں میں 150 راشن بیگ تقسیم کئےگئے۔ تقریب میں حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر لاہور کے مہتمم اعلیٰ علامہ محمد افضل حیدری، مولانا محمد باقر گھلو اور علی مسجد کمیٹی کے صدر سید علی ذوالقرنین نے خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے علامہ محمد افضل حیدری کا کہنا تھا کہ غریب اور مستحق افراد کی زیادہ سے زیادہ مدد کرنا ہم سب کا فرض ہے۔
انہوں نے کہا کہ مخلوق خدا کی خدمت انسانیت کی معراج ہے۔ دکھی اور بے سہارا افراد کی امداد کرکے ہم دنیا و آخرت میں فلاح پا سکتے ہیں اور محتاجوں،غریبوں، یتیموں اور ضرورت مندوں کی مدد، معاونت، حاجت روائی اور دلجوئی کرنا دین اسلام کا بنیادی درس ہے۔
اس موقع پر جامعۃ المنتظر لاہور کے استاد مولانا باقر گھلو نے کہا کہ المنتظر ریلیف فاونڈیشن معاشرے کے دکھی اور لاچار و مستحق افراد کے لیے انتھک کام کررہی ہے جس پر تمام عہدیداران خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ مخیر حضرات کو چاہئے کہ وہ اس کار خیر میں المنتظر ریلیف فاونڈیشن کا بھر پور ساتھ دیں تاکہ اس جدو جہد میں کامیابی مل سکے۔