حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کراچی/ پاک محرم ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام نشتر پارک میں عشرہ محرم کی ساتھویں مجلس سے خطاب کرتے ہوئے معروف عالم دین و خطیب پاکستان علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے کہا کہ ہمارے پڑوس "افغانستان" میں سیاسی حالات تبدیل ہورہے ہیں گزارش ہے کہ صرف ایک پہلو کو نظر میں نہ رکھیں بلکہ افغانستان کی مکمل صورت حال کو دیکھتے ہوئے اپنی رائے کا اظہار کریں، اور ادھوری معلومات کی بنا پر کسی بھی قسم کی رائے زنی سے اجتناب برتیں۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ میں مشوروں اور رابطے میں ہوں اور اپنی قومی پالیسی کا اظہار نویں محرم کی مرکزی مجلس نشتر پارک میں کرونگا۔
علامہ شہنشاہ نے قرآنی آیات سے رہنمائی اور اہل بیت کی سیرت و اسوہ اطہر پر روشنی ڈالی انہوں نے کہا کہ کربلا میں اگر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہوتے تو آپ وہی کرتے جو آپ کے تربیت یافتہ پیارے نواسے حسین نے کیا۔