حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نامور ایرانی ڈاکٹر بوعلی سینا کے یوم میلاد اور ڈاکٹر ڈے کی مناسبت سے آیت اللہ مکارم شیرازی نے ایک پیغام صادر کیا ہے۔ جس کا متن اس طرح ہے:
بسم الله الرحمن الرحیم
و من أحیاها فکأنما أحیا الناس جمیعا (مائده/ ۳۲)
23 اگست کو ایران کے شہرہ آفاق ڈاکٹر بوعلی سینا کے یوم میلاد کی مناسبت سے ڈاکٹرز کی بے دریغ خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ڈاکٹر ڈے منایا جاتا ہے۔ صدیاں گزرنے کے بعد بھی دنیائے اسلام کے عظیم فلسفی اور ڈاکٹر بوعلی سینا کے علمی آثار علم طب کے ماہرین کے لیے قابل استفادہ ہیں اور ان کی شاہکار کتاب "قانون" علم طب کے قدیمی اور معروف منابع میں شمار ہوتی ہے اور عرصہ دراز تک یہ کتاب یورپ کے علم طب کے مراکز میں پڑھائی جاتی رہی۔
اس سال ڈاکٹر ڈے کی اہمیت بہت زیادہ ہے کیونکہ ڈاکٹر حضرات اور میڈیکل عملہ ہمہ گیر اور مہلک کرونا وائرس سے برسر پیکار ہے اور اس راہ میں اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں۔
میں اس دن کی مناسبت سے ایران کے فداکار اور پر تلاش میڈیکل عملے کو ہدیۂ تبریک پیش کرتا ہوں اور بارگاہ خداوندی میں ان کی صحت و سلامتی کے لیے دعاگو ہوں۔
فرصت کو غنیمت جانتے ہوئے ایک بار پھر لوگوں کو حفظان صحت کے اصولوں اور میڈیکل عملے کی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کرتا ہوں۔
آخر میں ڈاکٹر حضرات، نرسز اور میڈیکل عملے کی کرونا وائرس سے مقابلہ میں انجام دی جانے والی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں اور خداوندعالم کے حضور ان سب کی بیشتر توفیقات کے لیے دعاگو ہوں۔
ومن الله التوفیق
ناصر مکارم شیرازی
22 اگست 2021ء