حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،امام جمعہ صوبۂ سمنان ایران،حجۃ الاسلام غلام حسین مہدوی نژاد نے نماز جمعہ کے خطبات میں کہا کہ دنیا کے ساتھ تعامل ایک فطری امر ہے، لیکن ہمیں ظالم اور دشمن کے سامنے ذلیل و خوار نہیں ہونا چاہئے اور اس بات کی طرف توجہ مبذول کرانا بھی ضروری ہے کہ دنیا امریکی ہاتھ میں نہیں ہے اور آج، افغانستان کی موجودہ صورت حال امریکہ پر اعتماد کرنے کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے ہفتۂ حکومت کی مناسبت سے سرکاری افسران اور ملازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نئی حکومت کو بہت سے سماجی مسائل کا سامنا ہے اور ان کو حل کرنے کے لئے حکومت کو وقت درکار ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ نئی حکومت تمام اداروں کے تعاون،منصوبہ بندی اور رضا کارانہ جد و جہد کے ذریعے لوگوں کے دلوں میں امید کو زندہ کرے گی۔
مہدوی نژاد نے بیان کیا کہ سمنان کے سابق امام جمعہ آیۃ اللہ شاہچراغی،اخلاقیات اور تصوف کے استاد،انقلابی،سمنان شہر اور صوبے کے لئے برکت کا باعث تھے۔
انہوں نے کہا کہ رہبر انقلاب نے صوبے میں،حجۃ الاسلام و المسلمین مطیعی کو نمائندۂ ولی فقیہ اور امام جمعہ انتخاب کر کے ایک مومن، انقلابی، جہادی اور متدین شخص کو اس عہدے کےلئے منتخب کیا ہے،ہمیں امید ہے کہ شہر سمنان اور صوبے بھر کے مؤمنین اس عظیم دانشور کے بیانات سے استفادہ کریں گے۔
حجۃ الاسلام مہدوی نژاد نے کورونا کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ کورونا دنیا اور ایران میں ایک مشکل بن چکا ہے،لہذا ضروری ہے کہ شعبۂ صحت کی ہدایات پر عمل درآمد کیا جائے اور جلد از جلد ویکسینیشن کے لئے کارروائی کی جائے۔
امام جمعہ سمنان نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ طبی عملے کی کوششیں قابل ستائش ہیں،کہا کہ ہمیں اس بات کو فراموش نہیں کرنا چاہئے کہ خدا کے حضور دعا بہت اہم کردار ادا کرتی ہے،لہذا ہم امید کرتے ہیں کہ لوگ دعا کی اہمیت پر زیادہ سے زیادہ توجہ دیں گے۔