حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،قم المقدسہ/ ثقلین فاؤنڈیشن قم کے زیر اہتمام مدرسہ علمیہ ثقلین کے تعلیمی سال 2021/22ء کی مناسبت سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔جس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا اور چھوٹے بچوں نے ترانہ پیش کیا۔اسکے بعد امام خمینی کی سادہ زیستی اور رہبر معظم انقلاب کی حوزہ اور عالم دین کے متعلق ایک تقریر کا ویڈیو کلیپ دکھایا گیا۔ اس تقریب میں مدرسہ ہذا کے سرپرست مولانا سید عون محمد نقوی صاحب نے مدرسہ کی تین سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔
تقریب کے مہمان خصوصی جامعہ المصطفی قم کے سینئر مسؤول جناب حجۃ الاسلام آقای حقیقی صاحب تھے۔آقای حقیقی نے اپنی تقریر کے دوران مدرسہ کے مدیر، اساتید گرامی اور دیگر کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے مدرسہ کی کارکردگی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا اور طلاب کرام سے مخاطب ہوکر فرمایا کہ خدا ہمارے اعمال پر ناظر ہے اور جن محافل میں ہم حاضر ہوتے ہیں انہیں کم نہ سمجھیں اور اپنے اصلی ہدف جوکہ حصول تعلیم ہے اس سے غافل نہ ہوں۔یہاں آپ کو انتخاب کرکے دعوت دی گئی ہے اسکا مطلب یہ ہے کہ خدا وند کی رحمت آپ کے شامل حال ہے اور کوشش کریں ہر لمحہ ہر درس کے بعد اپنے متعلق سوچیں کہ اگر آپ کی فکر و کردار اور ہدف میں تبدیلی واقع نہیں ہوئی تو جان لیں کہ آپ نے مواقع ضائع کردئیے ہیں۔فرصت کو غنیمت جانیں اور محنت کریں اور محکم ،قوی ہوں تاکہ دین مقدس کا دفاع کرسکیں۔
آخر میں مختلف مناسبتوں کے حوالے سے منعقدہ مقابلوں میں پوزیشن لینے والے طلاب کرام میں انعامات تقسیم کیےگئے۔