حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ نے ایم ڈبلیوایم کے تمام اضلاع کو عید میلادالنبیؐ پرہفتہ وحدت بھرپوراندازمیں منانے کی ہدایت کی ہے ۔
مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اعلامیہ میں انہوں نے کہا کہ رہبر کبیرامام خمینیؒ نےآمدِ پیغمبرمصطفیٰؐ کی مناسبت سے 12 تا 17 ربیع الاول کو ہفتہ وحدت کے عنوان سے منانے کی تاکید فرمائی ہے ۔ لہذٰا پاکستان کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے امسال بھی ہفتہ وحدت مناناانتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ دشمن پاکستان میں شیعہ سنی وحدت کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔
علامہ راجہ ناصرعباس نے تمام اضلاع کے ذمہ داران کو ہدایت کی میلاالنبیؐ کی ریلیوں ، جلوسوں میں بھرپوراندازمیں تنظیمی تشخص کے ساتھ شرکت کی جائے، جلوس کے راستوں میں استقبالیہ کیمپس لگائے جائیں، سبیلوں پر نیاز، مشروبات ، مٹھائی اور پھولوں اور دیگر تحائف کا انتظام کیا جائے اور شیعہ سنی وحدت کا عملی مظاہرہ کیا جائے ۔