حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،پیغمبر ختمی مرتبت حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم اور امام جعفر صادق علیہ السلام کے یوم ولادت با سعادت کی مناسبت سے رہبر انقلاب اسلامی آيۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے عدالتوں اور مسلح افواج کے عدالتی ادارے سے، اسی طرح محکمہ جاتی کارروائی کے تحت سزا پانے والے تین ہزار چار سو اٹھاون افراد کو معافی دینے یا ان کی سزائیں کم کرنے کی تجویز کو منظوری دی ہے۔
عدلیہ کے سربراہ حجۃ الاسلام و المسلمین محسنی اژہ ای نے پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم اور امام جعفر صادق علیہ السلام کے یوم ولادت با سعادت کی مناسبت سے رہبر انقلاب اسلامی آيۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کو ایک خط لکھ کر تین ہزار چار سو اٹھاون قیدیوں کو معافی دینے یا سزا میں کمی یا تبدیلی کرنے کی تجویز پیش کی تھی، جسے انھوں نے منظوری دے دی ہے۔
سزا پانے والے ان افراد کی فائلوں کا معافی کے مخصوص کمیشن میں جائزہ لیا گيا تھا اور مذکورہ افراد کو معافی یا سزا میں کمی کے لیے موزوں پایا گیا تھا۔
عدلیہ کے سربراہ نے یہ تجویز آئین کی دفعہ ایک سو دس کی گيارہویں شق کے تحت پیش کی تھی جسے آيۃ اللہ العظمی خامنہ ای نے منظور کر لیا۔