۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
عارف واحدی

حوزہ/ اگر ہم متحد ہوئے تو کامیابی ہر مقام پر ہمارے قدم چومے گی ورنہ شکست اور رسوائی ہمارا مقدر ہوگی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ہنگو/بزرگ عالم دین علامہ الشیخ جواد حسین مرحوم کی تیئسویں برسی کی مناسبت سے جامعہ عسکریہ ہنگو میں عظیم الشان اتحاد امت مسلمہ کانفرنس منعقد ہوئی۔ جس میں شیعہ سنی علمائے کرام نے خطاب کیا۔ آخر میں علامہ عارف حسین واحدی نے خطاب کرتے ہوئے علم و علماء کی فضیلت پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ جواد حسین مرحوم کی دینی علمی اور خاصکر اتحاد امت کے حوالے سے خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کو خراج تحسین پیش کیا۔

علامہ عارف واحدی نے قائد محترم کی اتحاد امت کے حوالے سے خدمات پر گفتگو کرتے ہوئے علماء کرام اور عوام کو قائد محترم کا پیغام پہنچایا کہ اس دور میں ہر دور سے زیادہ امت کو متحد رہنے کی ضرورت ہے۔ تاکہ عالمی سازشوں کے مقابلے میں ہم ایک ہو کر رہیں اور اندرونی اور بیرونی سازشوں کو ناکام بنا سکیں۔

علامہ واحدی صاحب نے کہا کہ آج پورے ملک میں یہ مسرت بھری خبر ہے کہ ہنگو کی سرزمین سے امت کو بہت بڑا اور عالیشان اتحاد کا پیغام دیا جارہا ہے اس عظیم اجتماع سے فرقہ پرست اور تکفیری عناصر کی فرقہ واریت پھیلانے کوششیں ناکام اور امت کے اتحاد و اتفاق کی کاوشیں کامیاب ہو رہی ہیں یہ عظیم اجتماع بتا رہا ہے کہ قوم و ملک اور امت کو انتشار کی نہیں بلکہ محبت اخوت اور بھائی چارے کی ضرورت ہے پاکستان بناتے وقت بھی ہم متحد تھے اور قوم کو تقسیم کرنے کی سازشیں ناکام ہوئی تھی اور ہم نے متحد ہو کر دنیا کے نقشے پر نئے عظیم الشان اسلامی ملک کا اضافہ کیا تھا اور آج جب دشمن ہمارے پیارے اور خوبصورت وطن کے امن کو تہہ و بالا کر کے،ہمیں مسلکی، طبقاتی،لسانی اور علاقائی بنیادوں پر تقسیم کر کے کمزور کرنا چاہتا ہے تو ایک بار پھر قوم کو متحد کر کے ان سازشوں کو ناکام بنانے کی ضرورت ہے۔

آخر میں زور دیتے ہوئے کہا کہ یاد رکھیں اگر ہم متحد ہوئے تو کامیابی ہر مقام پر ہمارے قدم چومے گی ورنہ شکست اور رسوائی ہمارا مقدر ہوگی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .