اتوار 28 نومبر 2021 - 14:35
برادر سید راشد حسین نقوی جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے نئے میرکارواں منتخب

حوزہ/ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنظیمیں اور عہدے ہدف نہیں ہوتے بلکہ یہ مقاصد کے حصول کا ذریعہ ہوتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے مقاصد کے حصول کیلئے بڑی قربانیاں اور منزلیں طے کرنی پڑتی ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ملتان/ جعفریہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا چودھواں مرکزی کنونشن 26، 27، 28 نومبر کو ملتان میں منعقد ہوا۔جسمیں مرکزی مجلس عمومی نے نئے مرکزی صدر برادر سید راشد حسین نقوی کو منتخب کیا۔

تفصیلات کے مطابق،جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا چودھواں مرکزی سہ روزہ کنونشن امامین کربلا ملتان میں منعقد ہوا، جس میں مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری شیعہ علماء کونسل علامہ ناظر عباس تقوی، مرکزی نائب صدر شیعہ علماء کونسل پاکستان، رکن نظارت جے ایس او پاکستان سید عون ساجد نقوی، دوست علی ونگانی، سید اظہار بخاری، مرکزی صدر جے ایس او سید ذیشان حیدر شمسی، سید تنویر الکاظم گیلانی، ذیشان حیدری، منیر بھٹو، زاہد زیدی، ممبر ضلعی امن کمیٹی خاور حسنین بھٹہ اور تحصیل صدر سید علی سجاد نقوی نے خطاب کیا۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنظیمیں اور عہدے ہدف نہیں ہوتے بلکہ یہ مقاصد کے حصول کا ذریعہ ہوتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے مقاصد کے حصول کیلئے بڑی قربانیاں اور منزلیں طے کرنی پڑتی ہیں۔

مقررین نے مزید کہا کہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی شدت پسندی کے تدارک کے لیے نوجوانوں کو اپنی کوششیں جاری رکھنی چاہیں اور طلباء کو درپیش مسائل اور ان کے تدارک کے لیے کام کو مزید تیزی سے جاری رکھنا ہوگا۔

مرکزی کنونشن میں ملک بھر سے ہزاروں کارکنان شریک ہوئے ۔ مرکزی کنونشن کے آخری روز نئے مرکزی صدر برادر سید راشد حسین نقوی کو منتخب کیا گیا۔

واضح رہے کہ جعفریہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی بنیاد 29 جون 1997ء میں رکھی گئی تھی جو اُس وقت سے قائد ملت جعفریہ پاکستان کی سرپرستی میں کام کر رہی ہے۔ جے ایس او پاکستان کے بنیادی مقاصد میں طلباء کی نظریاتی، فکری اور اخلاقی تربیت کرتے ہوئے ان کی تعلیمی و تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا شامل ہے تاکہ مملکتِ خداداد پاکستان کا مستقبل روشن ہو، وطنِ عزیز کو سائنس و ٹیکنالوجی سمیت دیگر جدید علوم میں ترقی حاصل ہو اور وہ ترقی یافتہ اقوام کے شانہ بشانہ پہلی صف میں کھڑا ہو سکے۔

قابل ذکر ہے کہ جے ایس او پاکستان اپنے آغاز سے اب تک مملکتِ پاکستان میں موجود طالبعلموں کی تعلیمی تدریسی اور مالی مشکلات کو بھی حتی الوسع حل کرنے میں ہمیشہ کوشاں رہی ہے۔ جے ایس او پاکستان، طلباء کے حقوق کے لیے بھی اپنی آواز بلند کرتی رہی ہے۔

یاد رہے کہ جے ایس او پاکستان کی مرکزی مجلسِ عمومی ہر سال، تنظیمی دورانیے کے اختتام پر اپنا نیا مرکزی میرِ کارواں منتخب کرتی ہے۔ جس کے بعد نچلی سطح پر انتخاب عمل میں لایا جاتا ہے۔ جے ایس او پاکستان فی الوقت چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان، 25 تنظیمی ڈویژنز میں اپنی تعلیمی و تربیتی خدمات سرانجام دے رہی ہے۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha