۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
بعثت بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول میں عظیم الشان  تقریب منعقد

حوزہ/ جامعہ بعثت رجوعہ سادات کے زیر انتظام  بعثت بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول میں کمپیوٹر و سائنس ( فزکس، کیمسٹری و بائیو) لیبارٹریوں کی اپگریڈیشن کی تکمیل پر ایک افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جامعہ بعثت رجوعہ سادات کے زیر انتظام بعثت بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول میں کمپیوٹر و سائنس ( فزکس، کیمسٹری و بائیو) لیبارٹریوں کی اپگریڈیشن کی تکمیل پر ایک افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔

تقریب کے باقاعدہ آغاز سے پہلے باجماعت نماز ظہرین ادا کی گئی جس کی اقتداء حجۃ الاسلام سید حسن مہدی کاظمی نے کی ۔ نماز باجماعت کے بعد چئیرمین البعثت ٹرسٹ حجۃ الاسلام سید غلام شبیر بخاری، وائس چیئرمین حجۃ الاسلام حافظ سید محمد حیدر نقوی،حجۃ الاسلام ظہور الحسن عسکری، حجۃ الاسلام عقیل احمد سیال،حجۃ الاسلام عمران نواز،حجۃ الاسلام سید اختر عباس،حجۃ الاسلام تصور حسین نجفی،حجۃ الاسلام ریاست حسین قمی و دیگر مہمانان گرامی کی آمد پر تقریب کا باقاعدہ آغاز

مایہ ناز، بین الاقوامی قاری قرآن حجۃ الاسلام سید مرتضی علم الہدی کی مسحور کن تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا۔ جس کے بعد سکول کے طالبعلم نے نعت رسول مقبول پیش کی۔

بعد ازیں اسکول کے پرنسپل محترم سید کاظم زیدی نے افتتاحی کلمات کے ذریعے مہمان گرامی کو خوش آمدید کہتے ہوئے بعثت سکول میں تیسری جماعت سے لیکر ایف ایس سی تک کے طلاب کی ان لیبارٹریوں سے بہترین استفادہ کے طریقہ کار پر روشنی ڈالی۔

افتتاحیہ کلمات کے بعد اسکول کے طلاب نے کلام اقبال اور تائکوانڈو کے کھیل کا نمائشی مظاہرہ پیش کرکے حاضرین سے داد تحسین وصول کیا ۔ مہمان خصوص حجۃ الاسلام حافظ سید محمد حیدر نقوی نے قرآن کی مختلف آیات کا حوالہ دیتے ہوئے سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں نوجوانوں کو آگے بڑھنے کی تاکید کی اور یقین دلایا کہ ترقی کا راستہ مسلسل محنت اور لگن اور انہی لیبارٹریوں میں زیادہ سے زیادہ عملی تجربات کو انجام سے طے کیا جاسکتا ہے۔

تقریب میں علاقے کے سرکاری و نجی سکولوں کے مدیران و اساتذہ کرام، نجی سکولوں کی تنظیم کے عہدہ داران اور طلباء کے والدین نے بھی شرکت کی۔

مزید برآں علاقے کی مشہور سماجی و سیاسی شخصیات سردارذادہ سید ذوالفقار حیدر اور سردار زادہ سید افتخار حیدر صاحب نے بھی تقریب میں شرکت کی اور سکول کو ہر ممکنہ تعاون کا یقین دلایا اور علاقے میں جامعہ بعثت کی خدمات کو سراہتے ہوئے ادارہ ھذا کے تمام عہدہ داران کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب کے آخری مرحلے میں مہمانان گرامی کے ذریعے ایک ایک کرکے ان چاروں لیبارٹریوں کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ اس موقع پر بعثت سکول سسٹم کے ڈائریکٹر ایجوکیشن محترم اختر عمران نے ایک اہم اعلان کرتے ہوئے علاقے کے تمام نجی و سرکاری سکولوں کے عہدہ داران و اساتذہ کو دعوت دی کہ وہ ان لیبارٹریوں کو اپنا سمجھتے ہوئے جب چاہیں اپنے طلاب کو یہاں لاکر ان سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر مہمانان گرامی کی پذیرائی کا اہتمام بھی کیا گیا تھا.

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .