۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
یوم دفاع، حسین آباد تقریب

حوزہ / یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول حسین آباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول حسین آباد میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں ڈسٹرکٹ سکردو کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن سمیت دیگر سماجی اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔

رپورٹ کے مطابق اس تقریب کے مہمان خصوصی شیخ محسن عباس مقپون نے اپنے خطاب میں کہا: اپنا دفاع کرنا اور دشمن سے محفوظ رہنا ہر ذی روح موجود کا حق ہے۔ اس کے علاوہ ہمارے دین اور شریعت نے بھی اس مسلمہ حق کی تائید ہے۔

شیخ محسن عباس مقپون نے قرآن کی آیت(وَ اَعِدُّوۡا لَہُمۡ مَّا اسۡتَطَعۡتُمۡ مِّنۡ قُوَّۃٍ وَّ مِنۡ رِّبَاطِ الۡخَیۡلِ تُرۡھبُوۡنَ بِه عَدُوَّ اللّٰہِ وَ عَدُوَّکُمۡ) سے استدلال کرتے ہوئے کہا: دفاع ایک فطری حق ہے۔ ہر ذی روح اپنا دفاعی حق رکھتا ہے اور ہر جاندار کے پاس فطری طور پر دفاعی وسائل و اوزار موجود ہوتے ہیں۔ اس سے ہم سمجھ سکتے ہیں کہ سامان حرب اور دفاعی وسائل فراہم کرنا پوری امت اور عوام کی ذمہ داری ہے۔ مَّا اسۡتَطَعۡتُمۡ یعنی جہاں تک تم سے ہو سکتا ہے۔ اس سے دو باتیں سامنے آتی ہیں:

اول یہ کہ اس مسئلہ میں کوتاہی کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہے بلکہ جہاں تک ممکن ہے سامان حرب کا مہیا کرنا ضروری ہے کیونکہ یہ کسی امت کی زندگی، عزت و وقار، تحفظِ ناموس اور قومی استقلال و خود مختاری کا مسئلہ ہے۔

شیخ مقپون صاحب نے اپنی تقریر کے آخری حصے میں کہا: جہاں ہمیں جسمانی اور مادی طور پر دشمنوں کے مختلف حملہ جات کے سلسلے میں ہمیشہ دفاعی پوزیشن میں رہنا چاہیے وہاں ہمیں اپنے ایمان، دین اور اخلاق پر ہونے والے سافٹ وار کے حوالے سے بھی تیار رہنا چاہیے۔ آج دشمن کے حملہ کا طریقہ بدل گیا ہے۔ آج کے جوان کے ایمان پر حملہ ہورہا ہے لہٰذا ایک ٹیچر کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس سافٹ وار کی شکل میں کیے جانے والے حملوں کا بھر پور جواب تیار رکھیں۔

تقریب کے آخر میں مہمانان کے ہاتھوں سے طلاب میں کیش انعامات تقسیم کیے گئے جبکہ گورنمنٹ بوائز ہائی سکول حسین آباد اور شائننگ اسٹار سکول حسین آباد میں منعقدہ دین شناسی کورس میں شرکت کرنے والے پانچ خوش نصیب طلبا و طالبات میں شیخ محسن عباس مقپون کی جانب سے نفیس انعامات تقسیم کئے گئے۔

قابل ذکر ہے کہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول حسین آباد میں دین شناسی کورس جاری ہے جس میں شیخ محسن صاحب 11:30 بجے سے 12:15 تک لیکچر بھی دے رہے ہیں۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .