۲۸ فروردین ۱۴۰۳ |۷ شوال ۱۴۴۵ | Apr 16, 2024
پشاور دھماکہ

حوزہ / ایم ڈبلیو ایم ضلع راولپنڈی کے اراکین نے پشاور میں ہونے والے ہولناک سانحہ پر پریس کلب اسلام آباد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایم ڈبلیو ایم ضلع راولپنڈی کے اراکین نے پشاور میں ہونے والے ہولناک سانحہ پر پریس کلب اسلام آباد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ہے جس میں کثیر تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم ضلع راولپنڈی کے ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ علی اکبر کاظمی نے کہا کہ اس المناک سانحہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ قیمتی انسانی جانوں کا غیر معمولی ضیاع انتہائی افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا: ملک دشمن عناصر کو قومی دھارے میں شامل کرنے کی خواہش کے بھیانک نتائج پوری قوم کو بھگتنے پڑ رہے ہیں۔دہشت گردوں کے ساتھ ریاست کی مفاہمتی پالیسی کا یہ باب ہمیشہ کے لیے بند کیا جائے تاکہ مستقبل میں مزید سانحات سے بچا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا: خانہ خدا میں خون کی ہولی کھیلنے والوں کا نہ تو کوئی مذہب ہے اور نہ ہی کوئی وطن ہے۔دہشت گردوں کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھانا امن وسلامتی کو دانستہ طور پر تباہی کی طرف لے جانے کے مترادف ہے۔

علامہ علی اکبر کاظمی نے کہا: سیکورٹی اداروں کو مزید چوکنا ہونا ہو گا تاکہ درندہ صفت عناصر کو کسی شرپسندی کا کوئی موقع نہ مل سکے۔

انہوں نے کہا: گزشتہ چالیس سال میں ملت تشیع دہشت گردی کی سب سے زیادہ شکار ہوئی ہے۔اس پرامن اور محب وطن قوم کو مزید آزمائش میں نہ ڈالا جائے۔ انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کے کارکنوں کو امدادی کارروائیوں میں فوری حصہ لینے کی ہدایت بھی کی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .