حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،آستان قدس رضوی اور حرم حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے متولی نے ایک پیغام میں پاکستان کے شہر پشاور میں شیعہ مسجد پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے مسجد میں نمازیوں کی مظلومانہ شہادت پر پاکستانی قوم کو تعزیت پیش کی ہے۔
حرم امام رضا(ع) کے حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی کے پیغام کا متن کچھ اس طرح ہے:
بسم الله الرحمن الرحیم
انا لله و انا إليه راجعون
پاکستان کے شہر پشاور میں شیعہ مسلمانوں کی مسجد پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے اور نماز جمعہ کے دوران نمازیوں کی مظلومانہ شہادت پر بہت زیادہ افسوس اور دکھ ہوا۔ ا س دہشت گردانہ حملے نے جو صہیونیزم اور امریکہ کے سیاسی اور نظریاتی ایجنٹوں اور نوکروں نے انجام دیا ہے بلا تفریق مذہب و ملت پوری دنیا کے انسانوں کے دلوں کو غمزدہ بنادیا ہے۔
میں اس دہشت گردانہ اورمجرمانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان کے شہر پشاور کے نمازیوں کی مظلومانہ شہادت پرحضرت بقیۃ اللہ الاعظم(عج)،رہبر معظم انقلاب اسلامی،پاکستانی کی محب اہلبیت (ع) اور باشرف وعظیم قوم اور دنیا کے تمام حق پرست اورانصاف پسند انسانوں کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں ۔
امید کرتا ہوں کہ دہشتگردی کے اس مجرمانہ واقعہ میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو جلد از جلد سخت سے سخت سزا دی جائے گي تاکہ اس طرح کے جرائم اور دہشت گردانہ واقعات کی روک تھام کی جاسکے ۔
حضرت امام علی رضا علیہ السلام(علیہ آلاف التحیۃ والثناء) کی نورانی و ملکوتی بارگاہ میں خداوند متعال سے اس دہشت گردانہ حملے میں زخمی ہونے والے نمازیوں کی صحت و تندرستی اورشہید ہونے والے نمازیوں کے لئے بلندی درجات اوررحمت واسعہ الھیٰ کی دعا کرتاہوں ،اور ساتھ ہی ہماری یہ بھی دعا ہے کہ خداوند متعال شہداء کے معززاور سوگوار پسماندگان اور لواحقین کو صبر و تحمل اور اجر و جزا عطا فرمائے۔
متولی حرم امام رضا(ع)
احمد مروی