حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلام آباد/ معروف مذہبی سکالر سیدہ معصومہ نقوی کو مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کا مرکزی صدر نامزد کر دیا گیا ہے۔ان کے نام کا اعلان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کے دو روزہ مرکزی کنونشن سے خطاب کے دوران کیا۔
کنونشن میں ملک کے چاروں صوبے سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے خواتین عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شعبہ خواتین کی سابق مرکزی سیکرٹری جنرل سیدہ زہرا نقوی نے نومنتخب صدر سے حلف لیا۔
مجلس وحدتِ مسلمین کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکیزہ معاشروں کی تشکیل میں خواتین کا کردار ہمیشہ کلیدی رہا ہے۔نسلوں کی تربیت کی ابتدا ماں کی گود ہے۔مکتب اہلبیت (ع) مثالی ماں عطا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں وطن عزیز کی ترقی و استحکام اور اپنے عقائد و حقوق کے تحفظ کے لیے خواتین کی میدان عمل میں موجودگی انتہائی ضروری ہے۔ثقافتی یلغار کی تباہ کاریاں معاشرے میں بگاڑ پیدا کر رہی ہیں۔ایسی صورتحال میں خواتین کو مزید ذمہ دارانہ انداز اپنانا ہو گا۔نو منتخب صدر سیدہ معصومہ نقوی نے اعتماد کے اس اظہار پر مرکزی قیادت اور شعبہ خواتین کا شکریہ ادا کیا۔