۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
عید مباہلہ کے موقع پر خمینی ہال سرینگر میں شاندار تقریب کا انعقاد

حوزہ/ عوام نے المصطفیٰ مرکزی جامع مسجد حسن آباد کی تعمیر کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہائی کرائی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کی جانب سے عید مباہلہ کے موقع پر خمینی ہال سرینگر میں ایک شاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں قوم کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

صدر انجمن شرعی شیعیان، حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے مباہلہ کی عظمت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ مباہلہ حق کی باطل پر فتح اور کامیابی کا نام ہے ، مباہلہ پیغمبر (ص) کی حقانیت اور امامت کی تصدیق کا نام ہے، مباہلہ پیغمبر کے اہل بیت کا اسلام پر آنے والی ہر آنچ پر قربان ہونے کیلئے الہی منشور کا نام ہے۔

اس موقع پر آغا صاحب نے دین اسلام میں مسجد کی تعمیر کی عظمت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام میں مسجد کی بہت بڑی عظمت اور ایک خاص مقام ہے اور مسجدوں کی تعمیر کرنے والوں کیلئے جنت میں اللہ تعالیٰ نے اعلیٰ مقام کی خوشخبری دی ہے۔

آغا صاحب نے کہا کہ مسجد وہ مقدس جگہ ہے جہاں خدائے وحدہ لاشریک کی عبادت کی جاتی ہے، اس کی یاد کی جاتی ہے، اور مسجد کا مقام و مرتبہ یہ ہے کہ ایک مسلمان کے ایمان کا تقاضہ یہ ہے کہ وہ اپنی ضرورت پوری کرنے سے پہلے مسجد کی ضرورت پوری کرے، یہ نہ صرف اپنی ضرورت ہے بلکہ پوری ملت اور امت کی ضرورت ہے، اللہ سے ڈرنے والے اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم سے سچی محبت رکھنے والے اس کارِ خیر میں پیچھے نہیں رہ سکتے۔

اس موقع پر قوم کے معزز افراد نے انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے بننے والی عظیم الشان المصطفیٰ مرکزی جامع مسجد حسن آباد سرینگر کی تعمیر کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہائی کراتے ہوئے کہا کہ جہاں تک ممکن ہوا اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے جلد از جلد اس مسجد کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے ہر ممکنہ کوشش کریں گے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .