حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ہندوستان کے میڈیکل اور فارمیسی شعبہ میں فعال افراد کا ایک وفد مشہد مقدس حاضر ہوا اور حرم امام رضا علیہ السلام کی زیارت سے مشرف ہونے کے ساتھ ان افراد نے آستان قدس رضوی کے موقوفاتی ادارے سے وابستہ دو دواساز کمپنیوں کا بھی وزٹ کیا۔
یہ وفد آستان قدس رضوی کی علمی و ثقافتی آرگنائزیشن کے شعبہ بین الاقوامی امور کے تعاون سے مشہد مقدس حاضر ہوا اور اس دوران نالج بیس کمپنی سامان داروی ہشتم اور دوا ساز ثامن کمپنی کا وزٹ کیا اوران کمپنیوں کی صلاحیتوں اور کارکردگی سے آشنا ہوا۔
ہندوستانی وفد کے ساتھ آستان قدس رضوی کی دواساز کمپنیوں نے مشترکہ تعاون کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ اس دورے کے دوران آستان قدس رضوی کی دوا ساز کمپنیوں کی مختلف پروڈکٹس اور مصنوعات جیسےبائیو ٹیکنالوجی، انجیکشن کی مختلف قسمیں خاص طور پر ڈائلیسس کی مختلف مصنوعات سمیت ایرانی ترکیبی میڈیسن فیکٹر 8 کو ہندوستانی وفد کو متعارف کروایا گیا۔
ہندوستان کی میڈیکل ٹیم کے اراکین نے دوا ساز کمپنیوں کے منیجرز کے ساتھ ایک میٹنگ میں باہمی رائے کا تبادلہ کیا اور ساتھ ہی ہندوستان میں دوسازی کے شعبہ کی سرگرمیوں کے بارے میں ایک رپورٹ بھی پیش کی، میٹنگ کے دوران مشترکہ تعاون اور باہمی تجربوں سے استفادہ کرنے اور آستان قدس رضوی میں دواسازی کے امکانات اور مواقع کا جائزہ لیا۔