حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کے اہلسنت علما اور مذہبی راہنماؤں کا یہ گروپ آستان قدس رضوی کی علمی و ثقافتی آرگنائزیشن کے بین الاقوامی امور کے ادارے کی میزبانی میں حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے حرم مطہر میں حاضر ہوا۔
ہندوستان کے اہل سنت علما اور مذہی رہنماؤں کو آستان قدس اور حرم مطہر رضوی کی زیارت کی دعوت اور ان کی میزبانی اسلامی مذاہب کے مابین اتحاد و یکجہتی اور تعلقات کی توسیع اور استحکام کے تناظر میں انجام پائي ۔
یہ گروپ ہندوستان کے متعدد اہلسنت علما اور مذہبی رہنماؤں پر مشتمل ہے جس میں ہندوستان کے شہر لکھنو کے مدرسہ سید احمد شہید کے بانی مولانا سید سلمان ندوی اور حیدرآباد کے مدرسہ دارالعلوم کے سربراہ مولانا ثنا اللہ بھی شامل تھے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکرہے کہ تقریب مذاہب اسلامی اسمبلی نے ان شخصیات کو ہفتہ وحدت کے پروگراموں میں شرکت کے لئے ایران آنے کی دعوت دی تھی اور اسی ادارے کے تعاون سے ان مہمانوں کو حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کے حرم مطہر کی زیارت کا بندو بست کرایا گیا۔
ہندوستان کے اہلسنت علما اور رہنماؤں نے امام رضا علیہ السلام کی زیارت سے معنوی و روحانی فیوضات حاصل کرنے کے بعد حرم رضوی کے مرکزی اور قرآنی میوزیم اور آستان قدس رضوی کی لائبریری کا بھی وزٹ کیا اور قریب سے قرآنی میوزیم اور لائبریری میں موجود گرانقدر اور نفیس و قیمتی قرآنی نسخوں اور کتابوں سے آشنائي حاصل کی ۔