حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے ہدیہ کردہ فن پاروں اور تحائف کے خزانےکے حصے کا گیارہ فروری 1995 میں آستان قدس رضوی کے گنجینہ قرآن اور نوادارات کے خزانے والی عمارت میں افتتاح کیا گیا تھا۔
رہبر انقلاب اسلامی کی جانب سے حرم مطہر رضوی کو ہدیہ کردہ 400 سے زائد فن پاروں اور قیمتی اشیا کو اس خزانے میں نمائش کے لئے رکھا گیا ہے ۔
اس خزانے میں جو فن پارے اور تحائف موجود ہیں انہیں مختلف ممالک کے رہنماؤں، ممتاز قومی اور بین الاقوامی شخصیات اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کے عقیدت مندوں نے گذشتہ چند برسوں کے دوران آّپ کو بطور ہدیہ پیش کی ہیں۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ادب کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے یہ تمام تحائف اور فن پارے حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی بارگاہ کے لئے ہدیہ کر دئے تاکہ حرم مطہر رضوی میں بحفاظت رکھے جائیں اورہر شخص انہیں دیکھ سکے۔
اس خزانے میں بہت ساری قیمتی اور گرانبہا چیزیں موجود ہیں، جیسےخطاطی ،تذھیب اور پینٹنگ کے بورڈز،قالیچے اور تانبے کے اوپر کندہ کاری سے لے کر مختلف قسم کے تمغے،سکے اور سینکڑوں دیگر ایسے نوادرات ہیں جنہیں اس وقت نمائش کے لئے رکھا گیا ہے۔اس خزانے کے فن پاروں اور نوادرات میں آٹھ نئی چیزوں کا اضافہ بھی ہوا ہے۔
آٹھ نئی قیمتی اشیا کی فہرست:
اسی حوالے سے آستان قدس رضوی کے میوزیم کے سینیئر عہدیدا ر نے بتایا کہ حال ہی میں رہبر انقلاب اسلامی کو ممتاز قومی اور بین الاقوامی شخصیات کی طرف سے پیش کی گئيں 12 نفیس اور قیمتی اشیا کو آستان قدس رضوی کے حوالے کیا گیا تاکہ انہیں حرم مطہر رضوی کے میوزیم میں نمائش کے لئے رکھا جائے۔ ان میں سے آٹھ قیمتی اشیا اور فن پاروں کی شمارہ گذاری کا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے اورانہیں میوزیم میں نمائش کے لئے رکھا جا چکا ہے۔
آستان قدس رضوی کے میوزیم کے عہدیدار مہدی قیصر نیک نے ان آٹھ قیمتی اشیا اور فن پاروں کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ چاندی سے بنا گلدان جس پر عقیق کا خوبصورت پتھر جڑا ہوا ہے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے تحفہ کے طور پر رہبر انقلاب اسلامی کو پیش کیا گیا تھا، بولیویا کے سابق صدر ایوو مورالس کی جانب سے ہدیہ کی گئی آند پہاڑ کے مقامیوں کی روایتی بانسری،چین کے وزیر تجارت کی جانب سے دیا گیا گلدان، پرنیا ہینڈی کرافٹس مجموعہ کی طرف سے ہدیہ کیا گیا ایک بیج اور دو سونے کی تختیاں جو کہ شہید حاج قاسم سلیمانی کی تصویر سے مزین ہیں اور لکڑی سے بنی دو چھڑیاں یہ آٹھ قیمتی اشیا اور فن پارے ہیں جنہیں رہبر انقلاب اسلامی کے عطیہ کردہ خزانے میں نمائش کے لئے رکھا گیا ہے۔