حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آستان قدس رضوی کے کتابخانوں و میوزیم اور آرکائیو کی آرگنائزیش کے ۶۷ ویں علمی و ثقافتی اجلاس میں جس میں شہید قاسم سلیمانی کی جانب سے امام رضا علیہ السلام کے حرم کے میوزیم کو ہدیہ کئے گئے تحائف کی رونمائی کی گئی؛ حجت الاسلام سید جلال حسینی نے بتایا کہ یہ آرگنائزیشن شہید قاسم سلیمانی کی شخصیت اور مکتب سلیمانی کے مختلف پہلوؤں پر ریسرچ کرنے والے محقیقین کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے مکمل طور پرتیار ہے۔
انہوں نے اس اجلاس کے دوران جو حرم مطہر میں واقع محققین کے ہال میں ویبنار کی صورت میں منعقد کیا گیا تھا اپنے خطاب میں کہا کہ شہید حاج قاسم سلیمانی کا مکتب، اہلبیت(ع) کے مکتب کا تسلسل ہے اور آپ حضرت فاطمہ زہراء (س) کی اتباع و پیروی میں ولایت کی حفاظت کے لئے ڈھال بن گئے اور اسی راہ میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے شہید ہوگئے۔
سید جلال حسینی نے کہا کہ اہلبیت(ع) کی تعلیمات اور سیرت شہید سلیمانی کی زندگی میں عملی طور پر دیکھی جاسکتی تھیں انہوں نے کہا کہ تاریخ میں بہت سارے افراد نے اہلبیت(ع) کی سیرت اور تعلیمات کی ترویج کے لئے اقدامات کئے لیکن بہت کم ایسے افراد تھے جنہوں نے شہید قاسم سلیمانی کی طرح اہلبیت(ع) کی تعلیمات اور سیرت کو اپنی زندگی میں ڈھال لیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی کی شخصیت اور مکتب حاج قاسم کی تشریح و ترویج کے لئے مصنفین اور اہل قلم میدان میں آئیں تاکہ ایرانی نو جوان اور دنیا کی تمام اقوام اس شہید کی طرز زندگی کو اپنے لئے آئیڈیل اور نمونہ قرار دیں۔