اتوار 4 جنوری 2026 - 14:42
فاطمی میوزیم میں «علیٌّ حُبُّهُ جُنَّة» فن پارہ کی رونمائی

حوزہ / حرم مطہر حضرت فاطمہ معصومہ علیہا السلام قم میں واقع فاطمی میوزیم میں ایک ثقافتی تقریب کے دوران پینٹنگ کے ایک منفرد فن پارے «علیٌّ حُبُّهُ جُنَّة» کی رونمائی کی گئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فاطمی میوزیم کے سربراہ حجت الاسلام علی رضا احمدی قرہ زاغ نے اس موقع پر کہا: یہ فن پارہ دینی فن اور اسلامی-ایرانی تہذیبی ورثے کی ایک نمایاں مثال ہے جو ولائی اور عرفانی مفاہیم کو نہایت خوبصورتی کے ساتھ پیش کرتا ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ یہ شاہکار پینٹنگ اصفہانی نقاشی کے اسلوب میں تیار کی گئی ہے اور اس میں ایکریلک اور واٹر کلرز کا استعمال کیا گیا ہے۔

فاطمی میوزیم کے سربراہ نے مزید کہا: اس فن پارے میں خطوط اور متوازن ترکیب کے ساتھ مختلف علامتی عناصر شامل ہیں جن میں درخت، شگوفے، پرندے، چاند، ابر اور نباتاتی نقش و نگار نمایاں ہیں۔ یہ تمام عناصر حیات، حرکت، روحانی بلندی اور معنوی سفر کی علامت ہیں۔

انہوں نے کہا: اس فن پارہ کے وسط میں ایک دائرہ موجود ہے جس میں خوشنویسی کے ذریعے «علیٌّ حُبُّهُ جُنَّة» تحریر کیا گیا ہے۔ یہ خوشنویسی خطِ دیوانی میں انجام دی گئی ہے اور اس میں حروف کی ہم آہنگی، توازن اور جمالیاتی حسن نمایاں ہے۔ اس عبارت کا مفہوم یہ ہے کہ "امیرالمؤمنین علی علیہ السلام کی محبت اور ولایت انسان کے لیے نجات کا ذریعہ ہے"۔

حجت الاسلام علی رضا احمدی قرہ زاغ نے کہا: رنگوں کے انتخاب میں قدرتی اور معدنی رنگوں کا سہارا لیا گیا ہے جن میں خاکی، سنہری، سبز اور سفید رنگ شامل ہیں جو ایرانی روایتی رنگ شناسی سے مکمل ہم آہنگی رکھتے ہیں۔ فن پارے کے نچلے حصے میں فنکاروں کے دستخط اور تخلیق کی تاریخ درج ہے جو اس کی اصالت اور شناخت کو ظاہر کرتی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha