۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
News ID: 399759
13 جون 2024 - 15:07
قالین میوزیم

حوزہ/ حرم امام رضا (ع) کے قالین میوزیم میں مختلف رنگوں میں قیمتی اور شاندار قالین کا ایک منفرد خزانہ پایا جاتا ہے، جو ایران کی ثقافت اور فن کی یاد کو تازہ کرتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حرم امام رضا (ع) کے قالین میوزیم میں مختلف رنگوں میں قیمتی اور شاندار قالین کا ایک منفرد خزانہ پایا جاتا ہے، جو ایران کی ثقافت اور فن کی یاد کو تازہ کرتا ہے۔

یہ میوزیم امام رضا (ع) سے محبت و عقیدت کی عکاسی کرتا ہے، کیونکہ ان میں سے بہت سے منفرد قالین، ان محبان امام رضا(ع) کی دستکاری کا نتیجہ ہے جنہوں نے امام رضا(ع) کی یاد میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے حرم امام رضا علیہ السلام کے لئے مختلف قالین تیار کیں۔

حرم امام رضا علیہ السّلام کے قالین میوزیم کے فن پارے ایرانی فن و ثقافت کا مکمل آئینہ ہیں، قالین کے نقوش میں خطے کے افکار و عقائد، داستانیں، جغرافیا اور سماجی زندگی کا کردار پوشیدہ ہے، ۹ جون کی مناسبت سے جو کہ ایران میں قالین کے قومی دن کے عنوان سے منایا جاتا ہے اسی مناسبت سے آپ قارئین کےلئے حرم امام رضا علیہ السّلام کے قالین میوزیم کا مختصر تعارف پیش کیا جا رہا ہے ۔

قالین میوزیم کی تاریخ

حرم امام رضا(ع) کا میوزیم ۱۹۲۴ عیسوی میں شیخ بہائی(رہ) کے مقبرے کے قریب تھا، جس میں دیگر تاریخی اشیاء کے علاوہ صفوی دور کی نہایت قیمتی تین قالین بھی رکھی گئی تھیں، رفتہ رفتہ عقیدت مندوں کی جانب سے عطیہ کی جانے والی قیمتی قالینوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا رہا اس لئے ۱۹۹۸ عیسوی میں قرآن میوزیم کے ساتھ قالین میوزیم بھی بنایا گیا۔

سابق متولی مرحوم آیت اللہ واعظ طبسی کی نگرانی میں ۲۰۰۴ عیسوی میں ان قالینوں کی نمائش کے لئے جگہ میں توسیع دی گئی اور اسے جدید ترین سیسٹم سے لیس کیا گیا۔

واضح رہے کہ یہ قالین میوزیم حرم امام رضا(ع) کے صحن کوثر میں واقع ہے اور جو زائرین قالین میوزیم کو دیکھنا چاہتے ہیں وہ ہفتہ سے بدھ تک صبح ۸ بجے سے دوپہر ۱۲:۳۰ بجے تک اور جمعرات کے دن ۸ بجے سے ۱۱:۳۰ بجے تک وزٹ کر سکتے ہیں، چھٹیوں کے ایّام میں یہ میوزیم بند رہتا ہے۔

قالین میوزیم دو ہزار تین سو چالیس مربع میٹر رقبے پر مشتمل ہے، جس کے تین منزلوں میں قالین نمائش کے لئے رکھی گئی ہیں اور ایک فلور میں قالین ورکشاپ ہے، اس وقت میوزیم میں ۱۰۲ قالین اور صفوی دور کے متعدد فن پارے موجود ہیں۔

حرم امام رضا(ع) کے قالین میوزیم میں اور دنیا کے دیگر قالین میوزیم میں جو فرق ہے وہ اس میں ہے کہ اس میوزیم میں موجود زیادہ تر قالین کو امام رضا(ع) سے محبت و عقیدت رکھنے والوں نے عطیہ کیا ہے، یہ قالین کسی دور میں امام رضا (ع) کے زائرین کے قدموں کی زینت ہوتی تھیں جنہیں اس وقت نمائش کے لئے حرم امام رضا(ع) کے قالین میوزیم میں رکھا گیا ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .