حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شہر مقدس قم میں پہلی بار ایک بڑے اور جامع میوزیم کے قیام کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اس سلسلے میں قم میونسپلٹی اور صوبائی محکمہ ثقافت و سیاحت کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت بلوار پیغمبر اعظم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر واقع 6500 مربع میٹر زمین میوزیم کی تعمیر کے لیے فراہم کی جائے گی۔
اس معاہدے پر وزیر ثقافت و سیاحت کے نائب علی دارابی کی موجودگی میں دستخط کیے گئے۔ معاہدے کے تحت قم میونسپلٹی مذکورہ زمین صوبائی محکمہ میراث ثقافت کے حوالے کرے گی تاکہ وہاں قم کی تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی شناخت کو اجاگر کرنے کے لیے ایک عظیم میوزیم قائم کیا جا سکے۔
رپورٹ کے مطابق اس منصوبے کا مقصد ایک ایسا تخصصی مرکز قائم کرنا ہے جہاں قم کی ہزاروں سالہ تہذیب، تاریخی آثار، ثقافتی ورثہ اور روایتی چیزوں کو مؤثر انداز میں متعارف کرایا جا سکے۔ قابل ذکر ہے کہ قدیم تہذیبی پس منظر رکھنے کے باوجود قم اب تک ایک وسیع اور جامع میوزیم سے محروم رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس منصوبے کو عملی شکل دینے میں قم کے میئر ڈاکٹر عظیمی کی خصوصی دلچسپی اور تاریخی بافت و تمدنی شناخت کے تحفظ سے متعلق سنجیدگی اہم سبب بنی۔ زمین کی حوالگی کے بعد اب میوزیم کے ڈیزائن اور تعمیراتی مراحل کا آغاز کیا جائے گا۔









آپ کا تبصرہ