۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
آستان قدس رضوی کے ایرانی سائنس دانوں کی کاوشوں کے ثمرات

حوزہ/ آستان قدس رضوی کی نالج بیسڈ اور تکنیکی مصنوعات کی سن دوہزار اکیس کی نمائش کا مشہد مقدس میں انعقاد ہوا جس میں امام رضا علیہ السلام کے حرم مقدس کے عہدیداروں نے شرکت کی ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،آستان قدس رضوی کی نالج بیسڈ اور تکنیکی مصنوعات کی سن دوہزار اکیس کی نمائش کا مشہد مقدس میں انعقاد ہوا جس میں امام رضا علیہ السلام کے حرم مقدس کے عہدیداروں نے شرکت کی ۔

رپورٹ کے مطابق اس نمائش میں پیش کی جانے والی اہم ترین مصنوعات میں سر فہرست، وائرل جینوم کو الگ کرنے والی کٹ ہے جو آر این اے اور ڈی این اے  میں سے  خون ، پلاسما جیسے نمونوں سے وائرل جینوم کو نکال سکتی ہے ۔ اس کٹ کو کورونا  ، ایڈز اور دیگر وائرل بیماریوں کا پتہ لگانے کے لئے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے ۔

دوا چھڑکنے والا ڈرون

نمایش  میں پیش کی جانے والی مصنوعات میں دوسری اہم  چیز ایران میں بنا وہ ڈرون ہے جسے کھیتوں اور باغات پر دوا کے چھڑکاؤ کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے  جو در اصل اسمارٹ زراعت کے لئے ایک اہم چیز ہے یہی وجہ ہے کہ آستان قدس رضوی نے  نالج بیسڈ کمپنیوں کے تعاون سے اس قسم کے ڈرون کو اپنے کھیتوں میں استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
زراعت کے لئے مخصوص دوا چھڑکنے والے یہ ڈرون ، سولہ لیٹر محلول کے ساتھ پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتے ہيں تاہم اسے پچاس لیٹر تک پنہچایا جا سکتا ہے ۔

ہائبریڈ بیج

ایران ، آب و ہوا اور افرادی قوت کے پیش نظر ، معیاری اور ہائبریڈ بیجوں کی پیداوار کی کافی صلاحیت رکھتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آستان قدس رضوی کے بیج اور پودے کے ادارے  یا  razavi seeds and saplings instituit  نے اس شعبے میں ملک کو بے نیاز کرنے کے لئے ، سرگرمیوں کا آغاز کیا ہے ۔
    بیجوں کو ہائيبریڈ بنانا اور اس کے ساتھ ہی ملک میں ان کی پیداوار  اور افادیت میں اضافہ ، ملک میں بیج کی ضرورت کو مستقل طور پر پوری کرنے کو یقینی بنا سکتا ہے ۔
    
نمایش 2021  کی دیگر مصنوعات

آستان قدس رضوی کی نمائش دو ہزار اکیس میں دیگر کئی مصنوعات کی بھی رونمائي کی گئي جن میں ، پیشہ نامی تجارت و سروسز کے جامع سسٹم   کی رونمائي، آستان قدس رضوی کی جانب سے دو دواؤں کی پیداوار کے لائسنس کا حصول ، ایران کے طبی ساز و سامان کے دوبارہ استعمال پروجیکٹ ، چھوٹے گرین ہاوس ، ویونا کھیلونا پروجیکٹ ،  سیلیک میں مبتلا بیماروں کے لئے خاص آٹے کی پیداوار ، عمارت کی تعمیر میں استعمال کے لئے ایلومنیم کے پاوڈر کی پیداوار  اور خاص قسم کے پودوں کی پیداوار جیسے اقدامات قابل ذکر ہیں ۔

نالج بیسڈ کمپنیوں کے ساتھ تعاون ، آستان قدس رضوی کا نیا مشن

آستان قدس رضوی کے متولی حجت الاسلام احمد مروی نے ان مصنوعات کی رونمائی کے موقع پر کہا کہ اسلام سے زيادہ کسی بھی مذہب میں علم و دانش کے حصول پر زور نہیں دیا گيا ہے یہاں تک کہ صدر اسلام میں پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے کافر قیدیوں کی رہائي کے لئے مسلمانوں کو تعلیم دینے کی شرط عائد کی تھی ۔ اسی طرح مغرب کے علمی تمدن کی بنیادیں ، اسلامی دانشوروں کی کاوشوں پر استوار ہيں ۔

انہوں نے فوجی ، ایٹمی ، طبی جیسے مختلف شعبوں میں ایران کی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خود اعتمادی ، کسی بھی قوم کی پیش رفت کا اصل محرک ہوتی ہے  اور یہی محرک کسی بھی قوم کو قدم آگے بڑھانے کی جرات عطا کرتا ہے جو در اصل خدا  کی نعمت ہے۔

حجت الاسلام  والمسلمین مروی نے نالج بیسڈ کمپنیوں کو ہدایت کی کہ دنیا کے ترقی یافتہ ملکوں اور وہاں کی کمپنیوں کے تجربات سے فائدہ اٹھائيں اور جس طرح سے انسانی بدن کو زندگی کے لئے غذا کی ضرورت ہوتی ہے اسی طرح ہمیں بھی کام آگے بڑھانے کے لئے جدید معلومات کی ضرورت ہوتی ہے ۔

انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ نالج بیسڈ کمپنیوں کے ساتھ تعاون ، آستان قدس رضوی کا فریضہ  ہے ، کہا کہ نالج بیسڈ کمپنیوں سے ہم یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ایجادات اور تخلیقات کی راہ میں اگرکبھی شکست ہوجائے اس سے ناامید اور دلبرداشتہ نہ ہوں ۔

انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ امام رضا علیہ السلام کا ایک لقب ، عالم آل محمد ہے ، کہا کہ امام رضا علیہ السلام کے روضے کے صحن میں ، نالج بیسڈ گروپس کے لئے ایک کمرے کا انتظام کیا جائے گا تاکہ وہ وہاں پر علمی نشستوں کا انعقاد کریں کیونکہ عظیم اسلامی دانشوروں کا یہ شیوہ رہا ہے کہ جب بھی وہ کسی مسئلے میں پھنستے تھے تو خداوند عالم اور ائمہ اطہار سے مدد طلب کرتے تھے ۔

آستان قدس رضوی میں نالج بیسڈ کمپنیوں کے ساتھ تعاون کے پانچ مراحل

نائب متولی مالک رحمتی نے بھی اپنے خطاب میں آستان  قدس رضوی کی جانب سے نالج بیسڈ کمپنیوں کی مدد کو اسٹریٹجک ہدف قرار دیا اور کہا کہ مدد  کے پانچ مراحل کو پیش نظر رکھا گیا ہے کہ جس میں پہلا مرحلہ، نالج بیسڈ کمپنیوں کے نئے نظریات میں تعاون ہے جبکہ دوسرا مرحلہ ان نظریات کو عملی جامہ پہنانا ہے اور تیسرا قدم  تجرباتی نمونے  کی تیاری ہے  اور اس وقت آستان   قدس رضوی کی کمپنیوں میں نالج بیسڈ کے 66 پروجیکٹ  اسی مرحلےمیں ہیں ۔

آستان قدس رضوی کے نائب متولی نے بتایا کہ چوتھا اور پانچواں مرحلہ ، صنعتی اور تجارتی سطح پر پیداوار کا ہے جو آستان  قدس رضوی کا ایک اسٹریٹجک مقصد ہے ۔انہوں نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی کی سفارشات کے پیش نظر حالیہ دنوں میں آستان قدس رضوی نے ڈیجیٹل معیشت کے میدان میں بھی قدم رکھ دیا ہے جو مستقبل میں ایران کے لئے بے حد اہمیت کا حامل ہوگا ۔

انہوں نے کہا  کہ سائنس  کی بنیاد پر پیداوار ، آستان قدس رضوی کے  اوقاف کے افادیتی ادارے کی سرگرمیوں کی بنیاد ہے ۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .