۶ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۶ شوال ۱۴۴۵ | Apr 25, 2024
الیکٹرانک نشر و اشاعت کے شعبے میں، آستان قدس

حوزہ/ ایران میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے بہت سے لوگوں اور بہت سے معاشی شعبوں کو کافی نقصان پہنچا ہے جبکہ کچھ شعبوں میں وسیع پیمانے پر سائبر اسپیس کا استعمال کیا گيا ہے ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حالانکہ نشر و اشاعت اور پبلیکیشن کے شعبے کو بھی کورونا سے خاصا نقصان پہنچا ہے تاہم کچھ ناشرین نے اس صورتحال کو موقع میں تبدیل کیا اور الیکٹرانک نشر و اشاعت اور سائبر اسپیس میں اپنی سرگرمیاں بڑھا کر، قارئین کو سہولتیں فراہم کیں اور سماج کی ثقافتی ترقی میں اپنا کردار ادا کیا ۔

آستان قدس رضوی کے نشر واشاعت کے ادارے " بہ نشر " نے گذشتہ برس سائبر اسپیس کی سہولت کا استعمال کرکے ، پچھلے برسوں کی طرح ہی کامیابی سے اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں ۔

آستان قدس رضوی کے  نشر و اشاعت کے ادارے کے ڈائریکٹر حسین سعیدی نے اس ادارے کی کامیابیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔

حسین سعیدی نے الیکٹرانک اشاعت کا ذکر کرتے ہوئے " بہ نشر " کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ " بہ نشر " نے حالات کے تقاضے کو سمجھتے ہوئے  اور سماج کی ثقافتی ضرورتوں  کے پیش نظر، الیکٹرانک نشر و اشاعت کا سلسلہ دو سال قبل شروع کر دیا تھا تاہم پچھلے سال اس شعبے میں توسیع کی گئي اور سائبر اسپیس یونٹ بنا دی گئي جس کے تحت الیکٹرانک پیداوار ، تشہیر و مارکیٹنگ نیز الیکٹرانک فروخت جیسے شعبوں میں وسیع پیمانے پر سرگرمیوں کا آغاز کیا گیا ۔

انہوں نے بتایا کہ آستان قدس رضوی کے نشر و اشاعت کے ادارے نے ہمیشہ اس سلسلے میں متعلقہ ماہرین کے مشوروں پر عمل کیا تاکہ اس طرح سے حالات کی مکمل شناخت کے ساتھ اپنی سرگرمیوں اور لائحہ عمل  کا تعین کر سکے ۔

انہوں نے مزید  بتایا کہ اس سلسلے میں سب سے پہلے الیکٹرانک نشر و اشاعت کے مختلف پلیٹ فارمز کا پتہ لگایا گیا تاکہ  اس شعبے کے بارے میں مکمل معمولات کی بناء پر مستقبل کا خاکہ تیار اور منصوبہ بندی کی جائے ۔ اس کے بعد الیکٹرانک پیداوار کا آغاز کرکے ، سائبر اسپیس کی وجہ سے پیدا ہونے والے مواقع سے بھرپور طور پر فائدہ اٹھانے  کی تیاری کی گئي ۔ گذشتہ برس کورونا کے پھلاؤ کی وجہ سے  آستان قدس رضوی کے نشر و اشاعت کے ادارے کی سائبر اسیپس میں سرگرمیاں وسیع ہو گئيں جس کے لئے ضروری ساز و سامان اور وسائل بھی فراہم کئے گئے تاکہ اگلے برس اس شعبے میں زيادہ وسیع پیمانے پر سرگرمیاں انجام دی جائيں ۔

آستان قدس رضوی کے  شعبہ نشر و اشاعت کے ڈائریکٹر کے مطابق ، " بہ نشر  " کے سائبر اسپیس کے شعبے نے ایک برس  سے بھی کم وقت میں  ، نشر و اشاعت اور فروخت کے شعبے میں  بڑی کامیابیاں حاصل کی ہيں اور اپنے اہداف کے مکمل حصول کے لئے پوری طاقت سے آگے بڑھ رہا ہے ۔ 
انہوں نے بتایا کہ رواں سال میں آستان قدس کے  میڈیا سیل   کے تعاون سے ، نئی ویب سائٹ behnashr.razavi.ir  کی رونمائي کی گئی تاکہ اس طرح سے " بہ نشر " کے مقاصد  کی تکمیل میں تعاون کیا جا سکے ۔ 
    
آستان قدس رضوی کے نشر و اشاعت کے ادارے کے ڈائریکٹر حسین سعیدی  نے اس ویب سائٹ کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اس ویب سائٹ کا مقصد " بہ نشر " ادارے کے اعلی مقصد یعنی امام رضا علیہ السلام کے زائرین کی معنوی ضروریات کی تکمیل ہے ۔ اسی طرح نئی ویب سائٹ میں  کتب خانہ ، مولفین ، سرچ ، کتب کا تعارف اور بہ نشر کے درخشاں کارناموں جیسے  نئے حصوں کو شامل کیا گیا ہے ۔ 

30 آڈیو بک کی تیاری 
آستان قدس رضوی کے نشر و اشاعت کے ادارے کے ڈائریکٹر حسین سعیدی نے بتایا کہ " بہ نشر " ادارے  کی ایک پالیسی ، آڈیو بک بنانا بھی ہے ۔ اس سلسلے میں آستان قدس رضوی کے آڈیو ویڈیو ادارے کی مدد سے بارہ آڈیو بک تیار کی گئي ہیں ۔ دوسرے مرحلے میں ، اسلامی انقلاب ، مقدس دفاع اور بچوں سے متعلق موضوعات کی 18 کتب کو آڈیو کی شکل میں تیار کیا جا رہا ہے ۔ 

3 ہزار  کتب کے ساتھ ڈیجیٹل لائبریری 
الیکٹرانک نشر و اشاعت کے شعبے ميں ڈیجیٹل کتب خانہ اور وہاں پر کتابوں کو مطالعہ کے لئے پیش کیا جانا ضروری ہوتا ہے ۔ حسین سعیدی نے اس سلسلے میں بھی بتایا کہ ڈیجیٹل کتب خانے کی تیاری کے لئے ان کتابوں پر کام کافی اہم ہوتا ہے جو قدیمی ہیں اور جنہيں ڈیجیٹل کرنے کے لئے ان کے صفحات کے اسکین کی ضرورت ہوتی ہے ۔ ان کا کہنا ہے  کہ " بہ نشر " ادارے کی جانب سے الیکٹرانک نشر و اشاعت کے شعبے میں ایک اہم قدم ، آستان قدس رضوی کی ڈیجیٹل لائبریری کی سہولتوں  سے استفادہ ہے  جس میں اسے کامیابی حاصل ہوئي ہے ۔ اس سلسلے میں آستان قدس رضوی کی ڈیجیٹل  لائبریری میں  " بہ نشر " کے صفحے پر تین ہزار سے زائد کتب محققین اور مطالعے کے شا‍ ئقین   کے لئے دستیاب ہيں ۔ 

انٹرنیٹ پر کتابوں کی فروخت  : 
حسین سعیدی کے مطابق " بہ نشر  " ادارہ ، انٹرنیٹ پر اپنی ہزار سے زائد کتب اور جرائد  فروخت کرتا ہے ۔ ہر ہفتے کوئي ایک کتاب پچیس فیصد  چھوٹ کے ساتھ فروخت کی جاتی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی مختلف مناسبتوں پر خاص کتابیں فروخت کے لئے پیش کی جاتی ہیں جبکہ ترسیل میں سہولت اور کتابوں کے ساتھ امام رضا علیہ السلام کے روضے کے تبرکات کی ترسیل کی وجہ سے انٹرنیٹ پر فروخت کا خیر مقدم کیا جا رہا ہے ۔ 

ملک کے معتبر اپلیکیشنس کے ساتھ تعاون 
طاقچہ اور فیدیبو ، الیکٹرانک کتابوں کے  شعبے میں ایران کے بے حد معروف ایلیکیشنس ہیں ۔ بہ نشر  ادارے  نے اپنی الیکٹرانیک کتابوں کی تشہیر کے لئے ان اپلیکیشنس کے ساتھ تعاون کے معاہدے پر دستخط کئے  ہيں ۔ حسین سعیدی اس سلسلے  میں  بتاتے ہيں کہ الیکٹرانک کتب کی فروخت میں اضافے کے لئے بہ نشر نے  اپنی پانچ سو اٹھائیس کتب کو " طاقچہ " اپلیکیشن میں پیش کیا ہے ۔ " فیدیبو" کے تعاون  سے بھی سو کتب پر مشتمل ایک فہرست اور کئي آڈیو بک اس اپلیکیشن میں پیش کی گئي ہيں ۔ 


بہ نشر کا اپنا اپلیکیشن 
حسین سعیدی نے بتایا کہ رواں سال میں " کتاب خوان " اپلیکشن میں ، امام رضا و زیارت ، اسلامی انقلاب ، استقامتی ادب ، ناول اور افسانے ، ایرانی و اسلامی طرز زندگی ، بچوں اور نوجوان ، نیز اسلامی علوم جیسے موضوعات پر دو سو چالیس کتابیں موجود ہيں اور سال کے اختتام تک اس اپلیکیشن کی کتابوں کی تعداد ، پانچ سو تک بڑھ جائے گی ۔ 

متنوع اور دینی ادب کے مموضوعات پر کتب
بہ نشر کی سرگرمیوں کا ایک اہم حصہ ، اس کا سوشل میڈیا کا شعبہ ہے ۔ بہ نشر کے ڈائریکٹر نے  اس سلسلے میں بتایا کہ  " سوشل میڈیا پر بہ نشر ادارے کے صفحات پر اعلی معیار کی تصویریوں  اور ویڈيو نیز آڈیو کلیپس کے ذریعے کتابوں اور مصنفوں کا تعارف کرایا جاتا ہے ۔

وہ بتاتے ہيں کہ  ای کامرس کمپنیوں  ، " آہو"  اور " اسنیپ "   کے ساتھ بھی کتابوں کی فروخت کے لئے معاہدے کئے گئے ہيں اس کے علاوہ آستان قدس رضوی کی ویب سائٹوں  ، اخبارات جرائد ، آن لائن نمائشوں  جیسے  دیگر اقدامات کے ذریعے بھی بہ نشر کی کتابوں  کو عوام تک پہنچانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ 

رواں سال میں سرگرمیوں میں توسیع کی منصوبہ بندی 
آستان قدس رضوی کے ادارہ نشر و اشاعت کے ڈائریکٹر کہتے ہيں کہ " بہ نشر  " موجودہ سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ ، آن لائن فروخت میں اضافہ کرے گا ، مصنفین  اور قارئين کے ساتھ تعاون کی منصوبہ بندی میں توسیع کرے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ نئے ایرانی سال میں بہ نشر عالم اسلام اور ایران کی سرحدوں سے باہر کے قارئين اور مصنفین سے رابطہ بڑھائے گا اور دینی کتب کے لئے ایک برانڈ بنانے کی بھی کوشش کرے گا اور ان سب کے ساتھ آڈیو کتب کی تعداد بھی بڑھائے گا ۔ 

انہوں نے بتایا کہ بہ نشر، سائبر اسپیس سے بھر پور فائدہ اٹھانے کا ارادہ رکھتا ہے جو در اصل ثقافتی اداروں  کی ایک ضرورت بن چکا ہے ۔ آستان قدس رضوی کا ادارہ نشر و اشاعت " بہ نشر "  بھی امام رضا علیہ السلام کی جانب سے عطا کردہ توفیقات اور رہبر انقلاب اسلامی کی رہنمائیوں کے سائے میں الیکٹرانک نشر و اشاعت کی کوالٹی اور مقدارمیں بہتری نیز رضوی ثقافت کی ترویج کی بھرپورکوشش کر رہا ہے اور اس سلسلے میں موثر قدم اٹھائے گئے ہيں ۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .