حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، میانمار میں بغاوت کے ذریعے اقتدار میں آنے والی فوجی حکومت ملک میں خون کی ہولی کھیل رہی ہے، آرٹس یونین کے ترجمان نے بتایا کہ اتوار کی رات ہونے والے فضائی حملوں میں 80 افراد ہلاک اور 100 کے قریب زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ فوجی طیاروں سے پنڈال پر چار بم گرائے گئے۔
یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب تین دن بعد جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے وزرائے خارجہ میانمار میں وسیع پیمانے پر تشدد پر بات کرنے کے لیے انڈونیشیا میں ایک خصوصی اجلاس منعقد کرنے والے ہیں۔ اتوار کی رات کی تقریب پر فضائی حملہ پہلی مرتبہ ہے کہ گزشتہ سال فروری میں فوجی بغاوت کے بعد ایک ہی حملے میں اتنی بڑی تعداد میں لوگ مارے گئے ہیں۔
ملٹری گورنمنٹ انفارمیشن آفس نے پیر کو دیر گئے ایک بیان میں تصدیق کی کہ کاچن انڈیپنڈنس آرمی کے 9ویں بریگیڈ کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ کیا گیا اور اسے کاچین گروپ کی طرف سے کی جانے والی دہشت گردانہ کارروائیوں کے جواب میں ایک ضروری کارروائی قرار دیا۔
تاہم، انفارمیشن آفس نے بڑی تعداد میں ہلاکتوں کی خبروں کو افواہ قرار دیتے ہوئے اس بات کی تردید کی کہ کنسرٹ پر فوج نے بمباری کی اور حاضرین ہلاک ہونے والوں میں شامل تھے۔ میانمار میں اقوام متحدہ کے دفتر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسے فضائی حملوں کی رپورٹس پر "گہری تشویش اور افسوس" ہوا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی طرف سے غیر مسلح شہریوں کے خلاف طاقت کا استعمال ناقابل قبول ہے اور ذمہ داروں کو جوابدہ ہونا چاہیے۔