۱۶ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۶ شوال ۱۴۴۵ | May 5, 2024
مفتی رفیع عثمانی

حوزہ / مفتی رفیع عثمانی کے انتقال پر قائد ملتِ جعفریہ علامہ سید ساجد نقوی، علامہ شبیر حسن میثمی، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سمیت دیگر مختلف علماء کرام نے افسوس اورتعزیت کا اظہار کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مفتی رفیع عثمانی کے انتقال پر قائد ملتِ جعفریہ علامہ سید ساجد نقوی، علامہ شبیر حسن میثمی، ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سمیت دیگر مختلف علماء کرام نے افسوس اورتعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں علماء کرام نے مفتی محمد رفیع عثمانی کے انتقال پر مفتی تقی عثمانی سمیت مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ اور قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے ممتاز عالم دین اور جامع دارالعلوم کراچی کے مہتمم مفتی محمد رفیع عثمانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور اپنے تعزیتی بیان میں ان کا کہنا تھا کہ مفتی محمد رفیع عثمانی کی رحلت سے پیدا ہونے والا خلاء بمشکل پُر ہوگا۔

مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اپنے بیان میں کہا کہ مفتی محمد رفیع عثمانی کی علمی و مذہبی خدمات سے پاکستان میں علمی مذہبی کاموں کو فروغ حاصل ہوا۔

شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے کہا: ہم وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سرپرست،جامعہ دارالعلوم کراچی کے مہتمم مفتی اعظم حضرت مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی کی وفات پر ان کے لواحقین، شاگردوں اور پیروکاروں کو تعزیت پیش کرتے ہیں اور اللہ تعالی سے ان کی مغفرت کے لئے دعاگو ہیں۔

انہوں نے کہا: جب ملک میں فرقہ واریت عروج پر تھی اس وقت ان کی جرأت اور مثبت سوچ نے ملکی حالات کی بہتری اور امت کو جوڑنے کے لئے اہم کردار ادا کیا۔

ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے بھی ممتاز عالم دین مفتی محمد رفیع عثمانی کی وفات پر دلی غم اور دکھ کا اظہار اور غمزدہ خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔

مجلس وحدت مسلمین کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سمیت دیگر مرکزی وصوبائی قائدین نے دارالعلوم کراچی اور وفاق المدارس العربیہ کے مہتمم مفتی رفیع عثمانی کے انتقال پر افسوس اورتعزیت کا اظہار کیا۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا: مفتی اعظم محمد رفیع عثمانی کی اعلیٰ علمی و دینی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔ علمی حلقوں میں ان کی شخصیت کو نمایاں مقام حاصل تھا۔

وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا کہ معروف عالم دین مفتی اعظم محمد رفیع عثمانی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار اور آپ کے خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ تحریر و تحقیق کے شعبہ میں ان کی عالمانہ خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیوایم سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ جامعہ دارالعلوم کراچی کے رئیس مفتی محمد رفیع عثمانی کے انتقال پر دلی رنج و غم جبکہ پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں آپ کی وفات سے ملک ایک معتدل اور بلند پایہ عالم دین سے محروم ہوگیا ہے، مولانا کی اسلام کے لئے گراں قدر خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .