حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کراچی/ سہیون شریف میں زائرین کی بس کو حادثہ ، صدر ایم ڈبلیو ایم سندھ علامہ باقر عباس زیدی کا قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس۔ واقعہ ڈرائیور کی غفلت کے ساتھ ساتھ سندھ حکومت کی ناقص حکمت عملی اور نااہلی کا بھی بین ثبوت ہے ۔ واقعے کی شفاف تحقیقات ضروری ہیں ۔ 18 قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ناقابل تلافی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ انڈس ہائی وے پر ٹریفک کی آمد ورفت کو محفوظ بنانے کیلئے مزید موثر اقدامات ناگزیر ہوچکے ہیں، اس روٹ پر آئے دن حادثات معمول بن چکے ہیں، حالیہ دنوں مقامی انتظامیہ کی جانب سے منچھر جھیل کے سیلابی پانی کو روکنے کیلئے کٹ لگایا گیا لیکن حفاظتی انتظامات کو یکسر نظر انداز کیا گیا، انتظامی غفلت اور نااہلی کے سبب آج بھی 18 قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوگئیں اس سانحے کا جواب دے کون ہے ؟؟
انہوں نے سانحے میں جاں بحق تمام زائرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعا کی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ قیامت صغریٰ کی اس گھڑی میں غم زدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔