حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،انٹرنیشنل مسلم یونٹی کونسل کے چیئرمین مفتی شریف الحق بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم تمام علماء کرام سے التماس کرتے ہیں کہ ایک دوسرے کے ہاتھ مضبوط کرنے میں آگے آئیں۔
انہوں نے کہا کہ علماء کرام کو ہر حال میں وحدت و ہمدلی کا مظاہرہ کرنا چاہیئے اور نفرت اور انتشار آمیز تقاریر سے پرہیز کرنا چاہیئے۔ مفتی شریف الحق بخاری نے کہا کہ ہم سب کا خدا، ایک نبی، ایک قبلہ، ایک کتاب، ایک دین، ایک کلمہ، ایک ہی آئیں بھی ہے، پھر انتشار و تضاد کیوں۔
انہوں نے کہا کہ مبلغین کی اہم ترین ذمہ داری ہے کہ سماج میں پائی جانے والی بے حیائی، بے راہ روی اور شراب نوشی و منشیات کی وباء کاری سے عوام کو آگاہ کرتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام کلمہ گو ایک ہیں اور ہمیں ہرگز مسلکی منافرت میں نہیں الجھنا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ علماء کرام کو ہر حال میں مساوات اور امن و آشتی کا پیغام عام کرنا ہوگا اور شدت پسندی و باہمی منافرت سے علیحدگی اختیار کریں۔انہوں نے کہا کہ آج ہر شخص قلبی سکون سے محروم ہورہا ہے نیز ذہنی تناؤ، قلبی انتشار سے ہر فرد متاثر ہورہا ہے جس کا نتیجہ یہ ہورہا ہے کہ معاشرہ تباہی کے دھانے پر ہے۔
اس دوران انٹرنیشنل مسلم یونٹی کونسل کے نائب صدر مفتی مدثر احمد قادری اشرفی کہا کہ منشیات میں ہمارے نونہال بچے قید ہیں، شراب نوشی کے دلدل میں ہمارے بچے ڈوب رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ اخلاقیات کی کمی اور نفسانیت کے غلبہ کے اثرات ہیں، اس لئے ہمیں متحدہ طور پر ان خرافات و بدعات کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا ہے۔ انہوں نے والدین سے بھی اس حوالے سے اپنا کلیدی رول نبھانے کی اپیل دہرائی ہے۔