حوزہ نیوزایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عمان کی ایوی ایشن آرگنائزیشن کے سربراہ "نائف العبری" نے اعلان کیا ہے کہ ہمارا ملک صیہونی حکومت کے طیاروں کو عمان کی سرزمین پر اترنے کی بالکل اجازت نہیں دیتا۔
"الخلیج آن لائن" نیوز سائٹ کی پیر کی شام کی رپورٹ کے مطابق، " اثیر" الیکٹرانک اخبار کے حوالے سے، عمان ایوی ایشن آرگنائزیشن کے سربراہ نے اس بات پر زور دیا کہ ملک صرف اسرائیلی طیاروں کو اپنی فضائی حدود سے گزرنے دیتا ہے لیکن عمانی سرزمین پر انہیں اترنے کی اجازت نہیں دے گا۔
نائف العبری نے کہا: سول ایوی ایشن آرگنائزیشن ایک تکنیکی تنظیم ہے جو شکاگو کنونشن سمیت بین الاقوامی کنونشنز کی پابندی کرتی ہے، جس پر 1944 میں دستخط ہوئے اور تمام ممالک اس کے پابند ہیں۔
العبری نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا: " سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کا بیان بالکل واضح ہے، اسرائیلی طیاروں کو صرف عمان کی فضا سے گزرنے کی اجازت ہے؛ صرف بین الاقوامی معاہدے کے مطابق ہنگامی لینڈنگ کی صورت میں اس سرزمین پر اترنے کی اجازت ہوگی، بصورت دیگر اسرائیلی طیاروں کو عمان کے ہوائی اڈوں پر کسی بھی حالت میں اترنے کی اجازت نہیں ہے۔
اس سال مارچ کے شروع میں صیہونی میڈیا نے خبر دی تھی کہ عمانی حکام کے ساتھ ایک ماہ کی مشاورت کے بعد صیہونی حکومت کے حکام مسقط کی رضامندی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں کہ عمان کی فضائی حدود صیہونی طیاروں کے لیے کھول دی جائے۔
23 فروری کو عمان ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک بیان میں اسرائیلی ایوی ایشن حکام کا ذکر کیے بغیر اعلان کیا کہ وہ تمام سویلین طیاروں کو اس ملک کی حدود سے گزرنے کی اجازت دے گا۔